رسائی کے لنکس

خبردار: چاند دیکھا تو۔۔۔


Pakistan Moon Sighting Cartoon by Luqman
Pakistan Moon Sighting Cartoon by Luqman

پاکستان کی وفاقی کابینہ کو بھیجے جانے والے قانون کے ایک مسودے کے مطابق عید، رمضان، ربیع الاول اور دیگر مذہبی تہواروں کا چاند دیکھنے کا اعلان رویت ہلال کمیٹی کے علاوہ اگر کسی اور شخص نے کیا تو اسے ایک سال کی قید اور دولاکھ روپے جرمانہ ہوسکتا ہے۔

پاکستان میں نیا چاند دیکھنا ایک سنجیدہ معاملہ ہے جس کے لیے مذہبی علما پر مبنی مرکزی رویت ہلال کمیٹی موجود ہے۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ملک کے تقریباً 22 کروڑ عوام ایک ساتھ اہم مذہبی تہوار منائیں۔

بعض مذہبی رہنما اپنے طور پر یہ اعلان کرتے رہے ہیں کہ انہوں نے نیا چاند دیکھ لیا ہے اور ایسا کر کے وہ حکومتی کمیٹی سے ایک یا دو دن پہلے ہی رمضان اور عید کا آغاز کر لیتے ہیں۔

اب متعارف کرائے جانے والے اس نئے قانون کے مطابق چاند دیکھنا حکومت کا ذمہ داری ہے، اور صرف حکومتی کمیٹی ہی چاند کے نظر آنے کا باقاعدہ اعلان کر سکتی ہے۔

اس قانون کا نفاذ آسان نہ ہو گا۔ اسے عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔ یہ کہنا ہے پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپل زئی کا۔ جو حکومتی کمیٹی کے مطابق ایک عرصے سے خیبر پختون خواہ میں باقی ملک سے ایک دن پہلے ہی رمضان اور عید منائے جانے کے ذمہ دار ہیں۔

اس نئے قانون کا ڈرافٹ منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیج دیا گیا ہے۔ اس میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ اگر میڈیا کا کوئی ادارہ حکومت کی کمیٹی سے پہلے چاند نظر آنے کا اعلان کرتا ہے تو اس کی نشریات پر پابندی اور دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG