رسائی کے لنکس

محمد عامر کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی


محمد عامر (فائل فوٹو)
محمد عامر (فائل فوٹو)

22 سالہ فاسٹ باؤلر عامر کا کہنا تھا کہ گریڈ ٹو ٹورنامنٹ کے میچز ان کے لیے بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور یہ میچز کھیل کر مکمل فٹنس اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر پانچ سالہ پابندی کے خاتمے کے بعد دوبارہ مقامی کرکٹ کھیلنا شروع کی ہے۔

جمعہ کو راولپنڈی میں پاکستان کرکٹ 'بورڈ پی سی بی' کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ "پیٹرنزگریڈ ٹو ٹرافی" کے ایک میچ میں محمد عامر نے عمر ایسوسی ایٹس کی ٹیم کی طرف سے میچ کھیلا۔

محمد عامر نے 2009ء نے پاکستان کی نمائندگی شروع کی تھی لیکن اگست 2010ء میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں آئی سی سی کی جانب سے ان پر 5 سال کے لیے کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کر دی گئی۔

محمد عامر پر عائد پانچ سالہ پابندی دو ستمبر 2015ء کو ختم ہونا تھی لیکن آئی سی سی نے پابندی ختم ہونے سے قبل ہی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔

جمعہ کو ہونے والے میچ میں انھوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

22 سالہ فاسٹ باؤلر عامر کا کہنا تھا کہ گریڈ ٹو ٹورنامنٹ کے میچز ان کے لیے بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور یہ میچز کھیل کر مکمل فٹنس اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

پابندی کا شکار ہونے سے قبل انھوں نے پاکستان کی طرف سے 14 ٹیسٹ میچوں میں 51 جب کہ 15 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 25 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

محمد عامر کے ساتھ اس وقت ٹیم کے کپتان سلمان بٹ اور ایک اور فاسٹ باؤلر محمد آصف کو بھی اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا جو تاحال برقرار ہے۔

XS
SM
MD
LG