رسائی کے لنکس

پرویز مشرف کی حفاظتی ضمانت میں توسیع


پرویز مشرف (فائل فوٹو)
پرویز مشرف (فائل فوٹو)

سابق فوجی صدر کو بے نظیر بھٹو اور سابق قوم پرست بلوچ رہنماء نواب اکبر بگٹی کے قتل سے متعلق مقدمات کے علاوہ اعلٰی عدلیہ کے ججوں کی نظر بندی کے بارے میں ایک مقدمے کا سامنا ہے۔

پاکستان کی ایک اعلٰی عدالت نے جمعہ کو سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی حفاظتی ضمانت میں 18 اپریل تک توسیع کر دی۔

پرویز مشرف جمعہ کو جب اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تو اس وقت سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ عدالت نے مختصر سماعت کے بعد سابق صدر کی اعلٰی عدالتوں کے ججوں کو نظر بند کرنے سے متعلق مقدمے میں حفاظتی ضمانت میں چھ دن کی توسیع کر دی۔

عدالت نے سابق صدر کو پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے 18 اپریل کو مقدمے کی آئندہ سماعت کے موقع پر اُنھیں خود پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔

سابق صدر کو جن تین مقدمات کا سامنا ہے اُن میں سے ایک تین نومبر 2007ء کو ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد چیف جسٹس سمیت اعلٰی عدلیہ کے ججوں کو اُن کے گھروں میں نظر بند کرنے کا مقدمہ بھی شامل ہے۔

اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے 29 مارچ کو تین مقدمات میں سابق صدر کی حفاظتی ضمانت میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے اُنھیں ہدایت کی تھی کہ وہ اسلام آباد اور ڈیرہ بگٹی کی متعلقہ عدالتوں سے اپنی ضمانت کی توثیق کروائیں۔

پرویز مشرف کو بے نظیر بھٹو اور سابق قوم پرست بلوچ رہنماء نواب اکبر بگٹی کے قتل سے متعلق مقدمات کا بھی سامنا ہے۔

اُدھر آئین توڑنے کے الزام میں سابق صدر کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے سے متعلق درخواستوں کی سپریم کورٹ میں ابتدائی سماعت ہو رہی ہے اس مقدمے کی آئندہ پیشی اب 15 اپریل کو ہو گی۔

سپریم کورٹ نے ان درخواستوں کو نمٹائے جانے تک پرویز مشرف کے ملک سے باہر جانے پر پابندی کے احکامات بھی دے رکھے ہیں۔

پرویز مشرف آئندہ انتخابات میں اپنی سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کی انتخابی مہم چلانے کے لیے 24 مارچ کو چار سالہ خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے کراچی پہنچے تھے۔

کراچی، قصور اور اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے حلقوں سے اُن کے کاغذات نامزدگی اعتراضات لگا کر مسترد کر دیئے گئے تھے جن کے خلاف اُنھوں نے اپیل دائر کر رکھی ہے جب کہ چترال سے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔

سابق صدر کی سیاسی جماعت کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے اُن کے 200 اُمیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG