رسائی کے لنکس

خواجہ سراؤں کو نادرا میں نوکریاں دینے کا فیصلہ


خواجہ سراؤں کو نادرا میں نوکریاں دینے کا فیصلہ
خواجہ سراؤں کو نادرا میں نوکریاں دینے کا فیصلہ

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) خواجہ سراؤں کے لیے جلد ہی ملازمتوں کا اعلان کرے گا۔ اس بات کا فیصلہ ادارے کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔

نادرا کے ڈپٹی چیئرمین طارق ملک نے وائس آف امریکہ کو اس فیصلے کی تفصیلات اور اغراض ومقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ خواجہ سراؤں کے لیے ابتدائی طور پر سات آسامیاں رکھی گئی ہیں۔ اس کے لیے باقاعدہ اشتہار دیے جائیں گے اور پھر ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد کامیاب امیدوار وں کو ڈیٹاانٹری آپریٹر کی نوکری دی جائے گی۔ ان کے بقول کامیاب امیدواروں کو مکمل تربیت فراہم کرکے صوبائی مراکزاور ہیڈکوارٹر میں تعینات کیا جائے گا۔

طارق ملک نے بتایا کہ خواجہ سراؤں کی طرف سے عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر نادرا جنوری 2011ء سے ان کے لیے شناختی کارڈ میں’مخنث‘ کے نام سے ایک علیحدہ خانہ متعارف کروا رہا ہے۔ جس کے بعد ملک میں لگ بھگ 80ہزار اس آبادی کے باضابطہ اندارج کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

انھوں نے کہا کہ نادرا میں خواجہ سراؤں کو ملازمتیں دینے کا مقصد دوسرے اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ وہ بھی جنس کی تفریق کے بغیر ان لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں تاکہ وہ اپنی زندگیاں سنوار سکیں۔

الماس بوبی
الماس بوبی

خواجہ سراؤں کی ایک تنظیم کی سربراہ الماس بوبی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے نادرا کی طرف سے ان کی برادری کو ملازمتیں دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے ”اس سے نہ صرف ہمیں شناخت ملے گی بلکہ معاشرے میں ہماری عزت بھی ہوگی“۔

انھوں نے کہا کہ خواجہ سراؤں کی برادری معاشرے میں ہمیشہ امتیازی سلوک کا شکار رہی ہے لیکن اب ان کی برادری کے پڑھے لکھے لوگوں کو ، جن کی تعداد ان کے بقول بہت کم ہے، نوکریاں ملیں گی جو کہ ایک اچھی شروعات ہے۔

XS
SM
MD
LG