رسائی کے لنکس

سابق سیکریٹری خزانہ گورنر اسٹیٹ بینک تعینات


نئے گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری رواں ہفتے پاکستانی روپے کی قدر میں اچانک آنے والی کمی کے بعد عمل میں آئی ہے۔

پاکستان کی حکومت نے سابق سیکریٹری خزانہ طارق باجوہ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا نیا گورنر مقرر کردیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جمعے کو جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق طارق باجوہ کو تین سال کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کیا گیا ہے اور ان کی تقرری کی مدت ان کے عہدہ سنبھالنے کے دن سے شروع ہوگی۔

سابق گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا رواں سال 28 اپریل کو اپنے عہدے کی مدت پوری ہونے کے بعد ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے تھے جس کے بعد حکومت نے ڈپٹی گورنر ریاض ریاض الدین کو تین ماہ کے لیے اسٹیٹ بینک کا عبوری گورنر مقرر کیا تھا۔

نئے گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری رواں ہفتے پاکستانی روپے کی قدر میں اچانک آنے والی کمی کے بعد عمل میں آئی ہے۔

بدھ کو پاکستانی روپے کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں غیر متوقع طور پر اچانک 1ء3 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد ایک ڈالر 10ء108 روپے کے برابر آگیا تھا۔

روپے کی قدر میں اس اچانک کمی پر وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے برہمی ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ ایسا بعض افراد کے مابین غلط فہمی اور مناسب معلومات کے فقدان کی وجہ سے ہوا تھا۔

وزیرِ خزانہ نے جمعرات کو مالیاتی اداروں کے سربرہان سے ملاقات کےبعد معاملے کی تحقیقات کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس غلط فہمی کی ایک وجہ اسٹیٹ بینک کے مستقل گورنر کی عدم موجودگی ہے جن کا تقرر ایک دو روز میں کردیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بعض ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کا فیصلہ اسٹیٹ بینک کے اعلیٰ حکام نے کیا تھا جس سے وزارتِ خزانہ متفق نہیں۔

XS
SM
MD
LG