رسائی کے لنکس

انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی وضع کرنے کے لیے قومی کانفرنس بلانے کا فیصلہ


انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی وضع کرنے کے لیے قومی کانفرنس بلانے کا فیصلہ
انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی وضع کرنے کے لیے قومی کانفرنس بلانے کا فیصلہ

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور اپوزیشن رہنما نواز شریف نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت کے خاتمے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی بنانے کے لیے جلد ایک قومی کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان ہفتہ کی شب ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان مزید دہشت گردانہ کارروائیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لیے سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے پر الزام تراشی سے گریز کرتے ہوئے عوام کی ترقی، خوشحالی اور امن کی راہ میں حائل ان رکاوٹوں کو دور کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم گیلانی اور نواز شریف کے درمیان ہونے والی گفتگو لاہور میں داتا دربار میں ہونے والے خودکش حملوں کے تناظر میں ہوئی جس میں 42 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس واقعہ نے صوبائی و مرکزی دونوں حکومتوں کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں بشمول وزیر داخلہ رحمن ملک اور وزیر قانون بابر اعوان کے بقول جنوبی پنجاب میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرنے میں صوبائی حکومت کی ہچکچاہٹ پنجاب میں تشدد کی کارروائیوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ تاہم صوبے میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے قائدین اس تاثر کو رد کرتے ہیں اور اُن کا موقف ہے کہ پنجاب میں عسکریت پسندوں کے کوئی گڑھ موجود نہیں اور وہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات مرکزی حکومت کی پالیسیوں کو قرار دیتے ہیں۔

وزیر اعظم گیلانی اور نواز شریف کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو دونوں سیاسی جماعتوں کے عہدے داروں کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے پید ا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کی بظاہر ایک کوشش معلوم ہو تی ہے۔

اسی پس منظر میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ہفتہ کو حکومت کو مشورہ دیا دتھا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف کوششوں کے ضمن میں اپنی حکمت عملی کا ازسرِ نو جائز لیتے ہوئے تشدد کے واقعات میں ملوث لوگوں کے ساتھ بات چیت میں پہل کرنے کا بھی سوچے۔ اُن کے اس بیان کے چند گھنٹوں بعد ہی وزیر اعظم نے انھیں ٹیلی فون کر کے اس موضوع پر قومی کانفرنس بلانے کی نواز شریف کی تجویز سے اتفاق کیا تھا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم گیلانی نے ملک میں امن وامان کی صورت حال کا جائز ہ لینے کے لیے پیر کے روز اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلا نے کا اعلان کیا ہے جس میں مجوزہ قومی کانفرنس کی حتمی تاریخ کے حوالے سے اعلان متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG