رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: نیٹو آئل ٹینکر پر حملے میں ایک ڈرائیور ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دریں اثناء قبائلی علاقے خیبر ایجنسی ہی کی وادی تیراہ میں ایک دیسی ساخت کے بم دھماکے میں ایک طالبان کمانڈر سمیت کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے۔

افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کو ایندھن سپلائی کرنے والے آئل ٹینکروں کے قافلے پر شدت پسندوں کے حملے میں ایک ڈرائیور ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے۔

مقامی عہدیداروں کے مطابق یہ حملہ پیر کو افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں وزیر ڈنڈ نامی دیہات کے قریب کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق بین الاقوامی اتحادی افواج کے لیے سامان رسد لے جانے والی گاڑیاں ایک قافلے کی صورت میں جا رہی تھیں کہ گھات لگائے موٹر سائیکلوں پر سوار نقاب پوش افراد نے اُن پر حملہ کیا۔

حملے کی زد میں آنے والا آئل ٹینکر اُلٹ گیا جس سے اُس میں آگ بھی لگ گئی۔ حملے کے بعد شدت پسند وہاں سے فرار ہو گئے۔

خیبر ایجنسی میں گزشتہ ہفتے بھی افغانستان میں تعینات بین الاقوامی اتحادی افواج کو ایندھن سپلائی کرنے والے دو آئل ٹینکروں پر حملہ کیا گیا جس میں ایک ڈرائیور ہلاک اور تین افراد زخمی ہو گئے تھے۔

نیٹو افواج کے لیے ایندھن اور دیگر سامان رسد لے جانے والی گاڑیوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ ان حملوں سے ڈرائیور خوفزدہ ہیں۔

پاکستان کے دو زمینی راستوں کے ذریعے افغانستان میں تعینات امریکی اور بین الاقوامی اتحادی افواج کے لیے ایندھن اور رسد کی سپلائی کی جاتی ہے۔

جن میں جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں چمن اور خیبرپختونخواہ سے ملحقہ خیبر ایجنسی کا راستہ شامل ہے۔

دریں اثناء قبائلی علاقے خیبر ایجنسی ہی کی وادی تیراہ میں ایک دیسی ساخت کے بم دھماکے میں ایک طالبان کمانڈر سمیت کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق بم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ایک مقامی کمانڈر کے گھر کے باہر نصب کیا گیا تھا۔ کسی گروپ کی طرف سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف فوج نے 15 جون سے بھرپور فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے جس میں غیر ملکی عسکریت پسندوں سمیت 600 سے زائد جنگجو مارے جا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG