رسائی کے لنکس

ائیر مارشل مجاہد انور خان پاکستانی فضائیہ کے سربراہ نامزد


ائیر مارشل مجاہد انور خان
ائیر مارشل مجاہد انور خان

ائیر مارشل مجاہد انور خان کو پاکستان کی فضائیہ کا نیا سربراہ نامزد کر دیا گیا ہے۔ مجاہد انور خان موجودہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

سہیل امان کو پاک فضائیہ کا سربراہ 18 مارچ 2015 کو مقرر کیا گیا تھا اور وہ 18 مارچ 2018 کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

وزارت دفاع کی جانب سے نئے ائیر چیف کی تقرری کیلئے چار ناموں کی سمری صدر مملکت ممنون حسین کو ارسال کی گئی تھی۔

صدر مملکت نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایڈوائس پر ائیر مارشل مجاہد انور خان کو پاک فضائیہ کا نیا سربراہ نامزد کر دیا ہے۔

پاکستانی فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے ذرائع ابلاغ کو جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مجاہد انور خان نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر 1983 میں کمیشن حاصل کیا۔

مجاہد انور خان نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان سے اعزازی شمشیر، بہترین پائلٹ ٹرافی حاصل کی اور وہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل کے حق دار قرار پائے۔

وہ چیف آف دی ائیراسٹاف کے پرسنل اسٹاف آفیسر، اسسٹنٹ اور ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (آپریشنز) سمیت ڈائریکٹر جنرل سی فور آئی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

مجاہد انور خان کو ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہء امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔

سبکدوش ہونے والے ائیرمارشل سہیل امان ان دنوں اپنی الوداعی ملاقاتیں کر رہے ہیں اور وہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود اور وزیر دفاع خرم دستگیر سے بھی ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG