رسائی کے لنکس

قومی اسمبلی کا اجلاس یکم جون کو طلب


قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس یکم جون کو بلانے کے لیے نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے سمری صدر آصف علی زرداری کو بجھوا دی ہے۔

پاکستان میں 11 مئی کے انتخابات میں کامیاب ہونے والی جماعت کو اقتدار کی منتقلی کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور پہلے مرحلے میں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس یکم جون کو بلانے کے لیے نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے سمری صدر آصف علی زرداری کو بجھوا دی ہے۔

پہلے اجلاس میں قومی اسمبلی کے کامیاب ہونے والے اُمیدوار حلف لیں گے، سبکدوش ہونے والی قومی اسمبلی کی اسپیکر فہمیدہ مرزا نئے اراکین سے حلف لیں گی۔

دیگر مراحل میں اسپیکر اور ڈپٹی کے اسپیکر کے عہدوں کے انتخابات کے بعد نئے قائد ایوان کا چناؤ کیا جائے گا۔

اُدھر انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت مسلم لیگ (ن) نے اپنے قائد نواز شریف کو وزارت عظمٰی کے لیے نامزد کیا ہے۔

نواز شریف کی نامزدگی کی حتمی منظوری اُن کی جماعت کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 272 عام نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) کے 126 اُمیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ ایوان میں سادہ اکثریت کے لیے نواز شریف کی جماعت کو 137 اراکین کی حمایت درکار تھی اور کئی آزاد اُمیدواروں کی شمولیت کے بعد اب (ن) لیگ کو مطلوبہ اکثریت حاصل ہو چکی ہے۔

نواز شریف دو مرتبہ ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ انتخابات میں اپنی جماعت کی کامیابی کے بعد نواز شریف اور اُن کی جماعت کے دیگر مرکزی رہنماء کہہ چکے ہیں کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے وہ تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG