رسائی کے لنکس

ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان تین وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز


کھیل کے اختتام پر اظہر علی 62 اور اسد شفیق 26 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود
کھیل کے اختتام پر اظہر علی 62 اور اسد شفیق 26 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود

متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، جبکہ کھیل کے دوسرے روز پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 139 رن اسکور کیے ہیں۔

ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ کی ٹیم 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ اس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے کیا۔ تاہم، حفیظ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ امام الحق 18 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

ون ڈاون آنے والے بلے باز اظہر علی نے ٹیم کو سنبھالا اور 50 رنز بناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا، جبکہ حارث سہیل 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کھیل کے اختتام پر اظہر علی 62 اور اسد شفیق 26 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 54 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے۔

دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر کیویز کو گرین شرٹس پر 135 کی برتری حاصل ہے جب کہ ابھی تین دن کا کھیل باقی ہے۔

تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر اور بلے باز واٹلنگ 42 اور ولیم سومرویلے 12 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ واٹلنگ نے 77 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ سومرویلے، اعجاز پٹیل چھ اور ٹرینٹ بولٹ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جب کہ یاسر شاہ نے تین کھلاڑیوں کو پویلئن کی راہ دکھائی۔ حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ جو آجکل فارم میں ہیں۔ انہیں کم سے کم ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنانے کے لیے صرف دو وکٹیں چاہیں، جس کے لیے اگلی اننگز کا انتظار کرنا ہوگا۔

یاسر شاہ اب تک 33 میچوں میں 198 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور انہیں وکٹوں کی ڈبل سینچری کے لیے دو کھلاڑیوں کا شکار کرنا ہوگا۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے لیگ اسپنر کلیری گرمٹ نے سنہ 1936 میں 36 ٹیسٹ میچوں میں 200 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرایا تھا جب کہ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔

XS
SM
MD
LG