رسائی کے لنکس

نیا سال، نئی دلکشی، پاکستان کی مہنگی ترین فلم ریلیز کے قریب


’یلغار‘ اب تک کی سب سے مہنگی فلم ہوگی۔۔جی ہاں ’وار‘ سے بھی زیادہ مہنگی ۔ اس کا بجٹ 50 کروڑ روپے ہے جبکہ ’وار‘ 20 کروڑ روپے میں تیار ہوئی تھی۔ بقول رانا، ’یلغار‘ باکس آفس پر پچھلی فلم سے بھی زیادہ ریکارڈ بنائے ، یہی ہمارا ٹارگٹ ہے‘

پاکستان فلم انڈسٹری اور ملکی فلم بینوں کے لئے نئے سال کا سورج نئی خوشخبریاں لیکر آیا ہے۔ اس سال اب تک کی سب سے مہنگی فلم ’یلغار‘ ریلیز ہوگی۔۔

فلم ’وار‘ کے مصنف اور پروڈیوسر ڈاکٹر حسن رانا کے بقول، ’اس تاریخی لمحے سے لطف اندوز ہونے کے لئے تیار ہو جایئے۔‘

حسن رانا کا کہنا ہے کہ ’یلغار‘ اب تک کی سب سے مہنگی فلم ہوگی۔۔جی ہاں ’وار‘ سے بھی زیادہ مہنگی۔

اس کا بجٹ 50کروڑ روپے ہے جبکہ ’وار‘ 20کروڑ روپے میں تیار ہوئی تھی۔ بقول رانا، ’یلغار باکس آفس پر پچھلی فلم سے بھی زیادہ ریکارڈ بنائے ، یہی ہمارا ٹارگٹ ہے۔‘

’ہپ ان پاکستان‘ کے مطابق، فلم تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔پوسٹ پروڈکشن کا کام جاری ہے، وہ بھی جلد مکمل ہوجائے گا۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ فلم کی ریلیز کچھ ہی ہفتوں میں متوقع ہے۔

فلم میں شان اور عدنان صدیقی ایس ایس جی کمانڈوز کے کردار میں نظر آئیں گے جبکہ ایک نیا چہرہ علیزہ بھی کاسٹ کا حصہ ہو گا جبکہ دیگر فنکاروں میں شامل ہیں ہمایوں سعید ، عائشہ عمر، بلال اشرف اور ثناء بچہ۔جن کے کرداروں پرسے پردہ اٹھنا ابھی باقی ہے۔

عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ، ’فلم میں میرا رول ایک محب وطن کا ہے۔ علیزہ میری بیوی کے کردار میں نظر آئیں گی۔ علیزہ دبئی بیسڈ ہیں اور حسن کی دریافت ہیں۔ انہوں نے نیویارک سے ایکٹنگ کورس مکمل کیا ہے۔ وہ پاکستان انڈسٹری میں ایک اچھا اضافہ ثابت ہوں گی۔‘

پچاس کروڑ روپے کے میگا بجٹ میں بننے والی ’یلغار‘ مکمل طور پر پاکستان میں تیار کی جارہی ہے۔ کہانی سوات کے علاقے پارہ چنار میں ہونے والے فوجی آپریشن پر مبنی اور عسکریت پسندوں کے خلاف لڑنے والے حقیقی ہیروز کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کی کاسٹ میں شامل نمایاں فنکاروں کے علاوہ 150کریکٹرز اور بھی ہیں۔

’یلغار‘ کا اب تک کوئی ٹریلر جاری نہیں ہوا۔ تاہم، توقع کے مطابق، پہلا ٹریلر رواں ماہ ہی۔۔ یعنی جنوری 2015ء میں ریلیز ہوگا۔

XS
SM
MD
LG