رسائی کے لنکس

پاکستان میں پہلی بار نوکیا فونز کی تعارفی تقریب کا انعقاد


پاکستان میں موبائل فونز کی وسیع مانگ کے پیش نظر معروف بین الاقوامی کمپنی ’نوکیا‘ نے اپنی دو نئی مصنوعات متعارف کروانے کے لیے عالمی مہم کا آغاز پہلی بار اس جنوبی ایشیائی ملک سے کیا ہے۔

اقتصادی مرکز کراچی میں منگل کو ہونے والی اس تقریب کو انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا بھر میں بھی دیکھا گیا۔

اس تقریب میں نوکیا نے اپنے نئے فونز ’نوکیا 110‘ اور ’نوکیا 112‘ متعارف کرائے،جنھیں نوجوانوں اور شہری صارفین کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔

کم قیمت والے ان فونز کے ذریعے صارفین باآسانی موبائل انٹر نیٹ تک رسائی حاصل کر سکیں۔

پاکستان میں نوکیا کے ایک اعلیٰ عہدیدار عدیل ہاشمی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ایسے حالات میں جب ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی آرہی ہے، نوکیا کا اپنے دو نئے فونز پاکستان سے متعارف کروانا ملک کے لیے انتہائی خوش آئند ہے۔

’’ہماری تقریب میں شرکت کے لیے جو لوگ باہر سے آئے ہیں اُن کا پاکستان کے بارے میں تصور بدل گیا ہے کیوں کہ ذرائع ابلاغ پر بتائی جانے والی صورت حال اور حقیقت میں بڑا فرق ہے۔‘‘

تعارفی تقریب میں شرکت کے لیے نوکیا کے عالمی عہدے دار بھی کئی روز سے کراچی میں موجود تھے۔

دنیا بھر میں موبائل انٹرنیٹ کا استعمال بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے اور نوکیا کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ آبادی اور موبائل انٹرنیٹ صارفین کے لحاظ سے پاکستان موبائل فونز کے لیے ایک بڑی منڈی ہے جہاں آبادی کا 70 فیصد سے زائد حصہ 40 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔

اُن کے بقول موجودہ حالات میں کم قیمت کے موبائل فونز میں انٹرنیٹ کی سہولت متعارف کروا کر جس عالمی برینڈ نے پاکستانی نوجوانوں کے دلوں میں جگہ بنا لی اس برینڈ کو طویل عرصہ تک اس ملک سے فائدہ ملتا رہے گا۔

نوکیا کے متعارف کرائے گئے نئے فونز کی قیمت تین سے چار ہزار کے درمیان ہے اور کمپنی نے پہلی بار اس قیمت کے فونز میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی ہے۔

XS
SM
MD
LG