رسائی کے لنکس

غیر مسلم ووٹرز کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملک میں غیر مسلم رجسٹرڈ ووٹرز کی شرح میں 30 فیصد اضافے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

مؤقر انگریزی روزنامہ ڈان نے سرکاری اعدادوشمار پر مبنی حاصل کی گئی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندو برادری ملک کی بدستور سب سے بڑی غیر مسلم آبادی ہے جس کے بعد مسیحی برداری کے رجسٹرڈ ووٹرز تعداد میں زیادہ ہیں۔

2013ء کے عام انتخابات میں غیر مسلم ووٹرز کی کل تعداد 27 لاکھ 70 ہزار کے لگ بھگ تھی جو 2018ء میں بڑھ کر 36 لاکھ 30 ہزار ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پانچ سال پہلے ہندو ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ کے قریب تھی جو اب بڑھ کر 17 لاکھ 70 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے اور ان میں اکثریت جنوبی صوبہ سندھ میں آباد ہے۔

مسیحی برادری کے ووٹرز کی تعداد 16 لاکھ 40 ہزار بتائی گئی ہے جبکہ 2013 سے قبل یہ تعداد 12 لاکھ 30 ہزار تھی۔

پاکستان میں آباد مذہبی اقلیتوں کی طرف سے خاص طور پر ان کی آبادی کی صحیح تعداد کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے اور یہ تحفظات رواں سال ہونے والی مردم شماری کے وقت کھل کر سامنے آئے تھے۔

حکومت نے مردم شماری کے نتائج کا اعلان گزشتہ ماہ کرنا تھا لیکن اس بارے میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہ ہو سکی اور اب یہ معاملہ آئندہ حکومت کے حصے میں آئے گا۔

مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ایک سرگرم کارکن ساجد اسحٰق اخبار میں پیش کیے گئے ان اعدادوشمار سے اتفاق نہیں کرتے اور ان کا کہنا ہے کہ جب اصل تعداد ہی واضح نہیں تو ووٹرز کی تعداد پر کیسے اطمینان کیا جا سکتا ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ "ہم یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ ہمیں ووٹرز کی تعداد نہ بتائیں ہمیں ضلع اور شہر کا ڈیٹا دیا جائے۔۔۔انھوں (حکومت) نے بجٹ تو پیش کر دیا، انھوں نے ہر چیز کی منصوبہ بندی کر لی بغیر یہ جانے کہ اقلیتوں کی تعداد کتنی ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ ساری شرارت ہے اور مسیحی اس کو رد کرتے ہیں۔"

ملک میں آباد احمدی جو کہ پاکستان کے آئین کے مطابق غیر مسلم تصور کیے جاتے ہیں، ان کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ بتایا گیا ہے جو ایک لاکھ 15 ہزار 966 سے بڑھ کر ایک لاکھ 61 ہزار 505 ہو گئی ہے۔

سکھوں کے رجسٹرڈ رائے دہندگان کی تعداد بھی تین ہزار کے لگ بھگ اضافے کے ساتھ 8852 ہے۔

رپورٹ میں پارسی ووٹرز کی تعداد 4235 اور بدھ مت کی 1884 بتائی گئی ہے لیکن یہودیوں کی تعداد کے بارے میں تاحال کوئی اعدادوشمار سامنے نہیں آئے جب کہ 2013ء میں یہ تعداد 809 تھی۔

XS
SM
MD
LG