رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: کارروائی میں 10 ’دہشت گرد‘ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کے مطابق تازہ کارروائی دتہ خیل کے علاقے میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

پاکستانی فوج نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 10 شدت پسندں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کے مطابق تازہ کارروائی دتہ خیل کے علاقے میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

اس تازہ کارروائی اور ہلاکتوں کی تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی کیونکہ جس علاقے میں آپریشن کیا جا رہا ہے وہاں تک میڈیا کے نمائندوں کی رسائی نہیں ہے۔

پاکستانی فوج نے ملکی و غیر ملکی عسکریت پسندوں کے گڑھ سمجھے جانے والے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں گزشہ سال جون ’ضرب عضب‘ کے نام سے آپریشن شروع کیا تھا۔

ایک روز قبل بدھ کو پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے فارمیشن کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ قبائلی علاقوں شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا ہے اور اب پاکستان افغانستان سرحد کے قریب شدت پسندوں کی پناہ گاہوں کی جانب پیش قدمی کی جاری ہے۔

شمالی وزیرستان میں گزشتہ سال 15 جون سے شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے وہاں سے لگ بھگ چھ لاکھ افراد نے نقل مکانی کی، جن کی ایک بڑی تعداد کو صوبہ خیبر پختوںخواہ سے ملحقہ علاقوں میں مقیم ہونا پڑا۔

شمالی وزیرستان کے جن علاقوں کو دہشت گردوں سے صاف کروایا جا چکا ہے، وہاں سے نقل مکانی کرنے والوں کی اپنے گھروں کو واپسی کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔

اُدھر جمعرات کو پاکستانی فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں دیگر اُمور کے علاوہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ’ضرب عضب‘ پر بھی بات چیت کی گئی۔

واضح رہے کہ پاکستانی فضائیہ کی مدد سے ان علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG