رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان میں فضائی کارروائی ’19 دہشت گرد ہلاک‘


بیان کے مطابق تازہ فضائی کارروائی شمالی وزیرستان کے غلام خان نامی علاقے کے قریب گرباز اور پشت زیارت کے قریب مانا کے مقامات پر کی گئی۔

پاکستان میں مسلح افواج کے سربراہان نے ایک بار پھر ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی قیادت میں منگل کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے علاوہ فضائیہ اور بحری فوج کے سربراہان بھی شریک تھے۔

اجلاس کے شرکا نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ’ضرب عضب‘ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو بھی سراہا۔

اُدھر فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے بیان کے مطابق منگل کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو فضائیہ کی مدد سے نشانہ بنایا گیا جس میں 19 جنگجو مارے گئے۔

بیان کے مطابق تازہ فضائی کارروائی شمالی وزیرستان کے غلام خان نامی علاقے کے قریب گرباز اور پشت زیارت کے قریب مانا کے مقامات پر کی گئی۔

شمالی وزیرستان میں فوج نے 15 جون کو بھرپور فوجی کارروائی شروع کی تھی۔ فوج کے مطابق شمالی وزیرستان کے انتظامی مرکزی میرانشاہ کے علاوہ اس قبائلی علاقے میں دہشت گردوں کے گڑھ سمجھے جانے والے بیشتر علاقوں سے جنگجوؤں کا صفایا کیا جا چکا ہے۔

تاہم حالیہ دنوں میں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف فضائی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے جس میں درجنوں جنگجو مارے جا چکے ہیں۔

پیر کو بھی غلام خان کے علاقے میں فضائی کارروائی میں 23 شدت پسند مارے گئے تھے۔

فوج کے مطابق اب تک کے آپریشن میں 1000 سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جن میں غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں جب کہ عسکریت پسندوں کے درجنوں ٹھکانے اور بارود بنانے کی فیکٹریوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔

شمالی وزیرستان میں ہلاکتوں کی تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں کیوں کہ جس علاقے میں یہ کارروائیاں جاری ہیں وہاں تک میڈیا کے نمائندوں کو رسائی نہیں۔

XS
SM
MD
LG