رسائی کے لنکس

جوہری صلاحیت ملک کے دفاع کی علامت ہے: نواز شریف


جوہری ہتھار لے جانے کی صلاحیت کا حامل شاہین تھری میزائل
جوہری ہتھار لے جانے کی صلاحیت کا حامل شاہین تھری میزائل

ایٹمی تجربات کے وقت نواز شریف ہی پاکستان کے وزیراعظم تھے اور انھوں نے اس دن کو "یوم تکبیر" کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے بعد اب ملک کی اقتصادی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔ تاہم اُن کا کہنا تھا کہ جوہری صلاحیت پاکستان کے دفاع کی علامت ہے۔

پاکستان کے ایٹمی تجربے کے 18 سال مکمل ہونے پر تحریری بیان میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ’’یہ دن پاکستان کی تاریخ میں یومِ آزادی کی طرح ایک اہم سنگِ میل کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جا ئے گا۔ یہ وہ دن ہے جب پاکستان دنیا کے نقشے پر پہلی مسلم ایٹمی قوت کے طور پر نمودار ہوا۔‘‘

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ’’پاکستان کو اب اپنی اقتصادی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس میدان میں یہ قوم اسی صلاحیت کا مظاہرہ کرے گی جس کا مظاہرہ اس نے دفاعی میدان میں کیا ہے۔‘‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’’ پاکستان کا ایٹمی پروگرام جہاں پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے ،وہاں اس قوم کی غیر معمولی جرات، استقامت اور بہادری کا بھی اعلان ہے۔ اس سے پاکستانی قوم کی اس صلاحیت کا اظہار ہوتا ہے کہ وہ مشکل حالات کا سامنا کر نے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ آپریشن ضرب عضب بھی دراصل اسی عزم کا تسلسل ہے جس عزم کی بدولت ہم نے مادر وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا-‘‘

اُنھوں نے کہا کہ ’’ہماری عسکری قوت میں اضافہ جہاں خارجی خطرات کے مقابلے میں ایک ڈھال ہے وہاں داخلی سطح پر جو لوگ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ان کا بھی موثر توڑ ہے-‘‘

28 مئی 1998ء کو پاکستان نے بلوچستان میں چاغی کے مقام پر ایٹمی تجربات کیے تھے جس کے بعد اسے متعدد بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ایٹمی تجربات کے وقت نواز شریف ہی پاکستان کے وزیراعظم تھے اور انھوں نے اس دن کو "یوم تکبیر" کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG