رسائی کے لنکس

اورکزئی ایجنسی میں پاک فوج کا ایک اور حملہ، 44 افراد ہلاک


اورکزئی ایجنسی میں پاک فوج کا ایک اور حملہ، 44 افراد ہلاک
اورکزئی ایجنسی میں پاک فوج کا ایک اور حملہ، 44 افراد ہلاک

اس تازہ ترین فوجی کارروائی کے نتیجے میں اورکزئی ایجنسی سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے

اورکزئی ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستانی فوج کی کارروائی میں کم از کم 44 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

صوبہٴ سرحد کے جنوبی ضلع ہنگو سے ملحق اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے حالیہ دنوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ تازہ ترین کارروائی کے دوران ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔

ذرائع نے خبر دی ہے کہ گن شپ ہیلی کاپٹروں اور توپ خانے کی مدد سے ماموزئی، میرو باغ، گَلجو اور دیگر علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں میں عسکریت پسند کمانڈر ملا طوفان کے آٹھ ٹھکانے تباہ کردیے گئے، جب کہ سیکیورٹی فورسز نے میاں گل نامی ایک جنگ جو کمانڈر کو بھی حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

عسکریت پسندوں کے خلاف تازہ ترین فوجی کارروائی کے نتیجے میں اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں سے ایک بار پھر نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

حکومت نے پہلے ہی ہنگو اور کوہاٹ میں اورکزئی ایجنسی سے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے رجسٹریشن اور امدادی مراکز قائم کر رکھے ہیں۔ اورکزئی ایجنسی میں چند روز قبل سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے خلاف دوبارہ کارروائی اُس وقت شروع کی جب حکومت کے وفادار پانچ اہم قبائلی رہنماؤں کو جنگ جوؤں نے اغوا کر لیا تھا۔اغوا ہونے والے قبائلی رہنماؤں میں تین کی لاشیں ملی ہیں، جب کہ دو ابھی تک لاپتا ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ اورکزئی ایجنسی میں جنوبی وزیرستان سے فرار ہونے والے عسکریت پسندوں نے ٹھکانے قائم کر رکھے ہیں اور وہ حکام کے بقول، پشاور، کوہاٹ اور ہنگو کے علاقوں میں دہشت گردانہ واقعات میں ملوث رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG