رسائی کے لنکس

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق جلد دیا جائے: عمران خان


عمران خان نے کہا کہ اُنھوں نے چیف الیکشن کمشنر سے یہ درخواست بھی کی ہے کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی رکنیت اس وقت تک معطل کر دیں جب تک ان کے انتخابی حلقے میں مبینہ دھاندلی سے متعلق الیکشن ٹریبونل میں تحققیات مکمل نہیں ہو جاتیں۔

پاکستان کی حزب مخالف کی ایک جماعت کے رہنماء عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات تک ایسا طریقہ کار وضع کیا جائے جس کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے پیر کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ریٹائرڈ) سردار رضا سے ملاقات کی۔

بعد میں صحافیوں سے گفتگو میں اُنھوں نے بتایا کہ گزشتہ عام انتخابات سے متعلق اپنے تحفظات کے علاوہ آئندہ انتخابات سے قبل کچھ اہم فیصلے کرنے کی تجاویز بھی اُنھوں نے چیف الیکشن کمشنر کو دی ہیں۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق جلد دیا جائے: عمران خان
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:39 0:00

’’ایک اندازے کے مطابق بیرون ملک 70 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں یہ پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں ان کے زر مبادلہ پر پاکستان چلتا ہے پاکستان کے قابل لوگ بیرون ملک مقیم ہیں۔ پاکستان کے محنت کش لوگ باہر سے پیسے بھیج کر اپنے خاندان پالتے ہیں، ان کے پیسے پر ملک چلتا ہے۔ ہم نے درخواست کی ہے کہ ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جائے جو یہ طریقہ کار تجویز کرے کہ وہ کیسے انتخابات میں شرکت کر سکتے ہیں۔‘‘

عمران خان نے کہا کہ اُنھوں نے چیف الیکشن کمشنر سے یہ درخواست بھی کی ہے کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی رکنیت اس وقت تک معطل کر دیں جب تک ان کے انتخابی حلقے میں مبینہ دھاندلی سے متعلق الیکشن ٹریبونل میں تحققیات مکمل نہیں ہو جاتیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی سے متعلق شکایات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیئے۔

ایاز صادق نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ 122 سے عمران خان کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی، جس کے خلاف عمران خان نے یہ کہتے ہوئے الیکشن ٹربیونل میں اپیل دائر کر دی تھی کہ اُن کو دھاندلی کرا کے شکست دی گئی۔ اس مقدمے کی سماعت اس وقت الیکشن ٹربیونل میں جاری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کا موقف ہے کہ 2013ء کے عام انتخابات میں مبینہ طور پر وسیع پیمانے پر دھاندلی کی گئی ہے جس کا الزام وہ پاکستان کے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) پر عائد کرتے ہیں۔

جب کہ حکومت ان الزامات کو رد کرتی آئی ہے۔

عمران خان نے گزشتہ سال اگست سے مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی دھرنا بھی دیے رکھا۔ حکومت کا موقف ہے کہ وہ دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کی تشکیل کے لیے تیار ہے لیکن عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان عدالتی کمیشن کے دائرہ اختیار کے حوالے سے تاحال اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے۔

XS
SM
MD
LG