رسائی کے لنکس

ضمنی الیکشن: اوورسیز پاکستانیوں کی سست رفتار آن لائن رجسٹریشن


 الیکشن کمشن آف پاکستان صدر دفتر اسلام آباد
الیکشن کمشن آف پاکستان صدر دفتر اسلام آباد

رجسٹریشن کے لیے لازم ہے کہ اوور سیز پاکستانی الیکشن کمشن کی ویب سائٹس پر اپنا ای میل، اپنا مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اور نائیکوپ کا نمبر فراہم کریں۔

پاکستان میں14 اکتوبر کو ضمنی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں اور پہلی بار ایک پائلٹ پراجیکٹ کے ذریعے اوور سیز پاکستانیوں کو تجرباتی طور پر ووٹ ڈالنے کا حق دیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے یکم ستمبر سے ان کی آن لائن رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے جو 15 ستمبر کو ختم ہو جائے گا۔

الیکشن کمشن کے مطابق اب تک بیرون ملک آباد سات سے آٹھ ہزار پاکستانیوں نے ووٹ کے لیے اپنی رجسٹریشن کرائی ہے ۔ وائس آف امریکہ واشنگٹن کو ایک انٹر ویو میں الیکشن کمشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ، ندیم قاسم نے کہا کہ اور سیز پاکستانیوں کی ووٹنگ کی رجسٹریشن کے لیے الیکشن کمشن آف پاکستان کی دو ویب سائٹس کام کر رہی ہیں جن میں سے ایک کا لنک ہےڈبلیو ڈبلیو ڈاٹ اوورسیز ووٹنگ ڈاٹ جی او وی ڈاٹ پی کےور دوسری الیکشن کمشن آف پاکستان کی ویب سائٹ ہے، ڈبلیو ڈبلیو ڈاٹ ای سی پی ڈاٹ جی اووی ڈاٹ پی کے۔

انہوں نے کہا ان دونوں ویب سائٹس پر اس سسٹم کے تحت رجسٹریشن کرانے کا مینو ئل اردو اور انگلش دونوں زبانوں میں موجود ہے، جس کے مطابق بیرون ملک آباد پاکستانی ان حلقوں کے لیے جہاں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، اپنے ووٹ رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ بیرون ملک آباد پاکستانیوں کی جانب سے اتنی کم تعداد میں رجسٹریشن کی وجوہات کیا ہیں، تو انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں وہاں کے زیادہ تر اوور سیز پاکستانیوں کا تعلق مشرق وسطی ٰ سے ہے جہاں وہ لیبر کے طور پر کام کرتے ہیں، جن کے پاسپورٹ اور دوسری دستاویزات وغیرہ ان کے کفیل کے پاس ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن رجسٹریشن کے لیے ضروری ہے کہ ان کے پاس نائیکوپ ہو ، مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ہو اور ان کا ای میل ہو تو ان سب کے نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے اوور سیز پاکستانی اپنے ووٹ رجسٹر نہیں کر ا پا رہے۔

ندیم قاسم نے کہا کہ ایک اور ابہا م جسے دور کرنا ضروری ہے وہ یہ ہے کہ سب ہی اوور سیز پاکستانی ا ن ضمنی انتخابات میں رجسٹریشن نہیں کر ا سکتے ۔ صرف انہی حلقوں کے اوور سیز پاکستانی یہ رجسٹریشن کرا سکتے ہیں جہاں ضمنی انتخابات ہو نے جا رہے ہیں اور جہاں ان کے ووٹ پہلے سے ہی ان کے حلقوں کی انتخابی فہرستوں میں درج ہیں۔

انہوں نے کہا رجسٹریشن کے لیے لازم ہے کہ اوور سیز پاکستانی الیکشن کمشن کی ویب سائٹس پر اپنا ای میل، اپنا مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اور نائیکوپ کا نمبر فراہم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سسٹم ان کے نام اور دوسری تفصیلات کی تصدیق کے بعد انہیں 14اکتوبر کےضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے ایک کوڈبھیجے گا جس کی مدد سے وہ ووٹ ڈال سکیں گے۔

ندیم قاسم نے مزید بتایا کہ یہ کوڈ انتخاب کے روز ووٹنگ سے کچھ گھنٹے قبل انہیں ای میل کیا جائے گا۔ اور ان گھنٹوں کا تعین الیکشن کمشن ہی کرے گا کہ وہ کتنی دیر قبل وہ کوڈ ای میل کیا جائے گا۔

جب ان سے کہا گیا کہ بہت سے اوور سیز پاکستانیز یہ ویب سائٹس کھول ہی نہیں پا رہے تو ندیم قاسم نے کہا کہ اس کی وجہ کنیکٹیوٹی کا کوئی مسئلہ ہو سکتا ہے کیوں کہ ہزاروں پاکستانی انہی ویب سائٹس پر اپنی رجسٹریشن کرا چکے ہیں اور کرا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے مسائل کے شکار اوور سیز پاکستانیز بار بار ویب سائٹ کھولنے کی کوشش کریں کیوں کہ یہ ضرور کھل جائے گی ۔

تاہم انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں الیکشن کمشن کی ویب سائٹ پر شکایت کا ایک خانہ موجود ہے ۔ اس پر کلک کر کے اپنی شکایت درج کرائیں اورسسٹم آپ کی شکایت دور کرنے میں آپ کی مدد کرے گا۔ لیکن انہوں نے کہا کہ صرف وہی پاکستانی ان ویب سائٹس پر رجسٹریشن کی کوشش کریں جن کے ووٹ ان حلقوں کی انتخابی فہرستوں میں موجود ہیں جہ14اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہو ر ہے ہیں۔

ندیم قاسم نے کہا کہ بیرون ملک آباد پاکستانی جتنی بھی تعداد میں ووٹ ڈالیں، وہ کم ہو ں یا زیادہ، اگر الیکشن کمشن یہ تعین کر لیتا ہے کہ آئی ووٹنگ درست طریقے سے انجام پائی ہے اور اس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں ہوئی تو آئی ووٹنگ کے نتائج کو ضمنی انتخابات میں شامل کر لیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG