رسائی کے لنکس

ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کو خوش قسمتی سمجھتا ہوں: عامر


محمد عامر (فائل فوٹو)
محمد عامر (فائل فوٹو)

یہ امر قابل ذکر ہے کہ محمد عامر ٹیسٹ کرکٹ کا دوبارہ آغاز لارڈز کے میدان سے ہی کر رہے ہیں جہاں انھوں نے پابندی کا شکار ہونے سے قبل آخری میچ کھیلا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی واپسی کو خوش قسمتی سمجھتے ہیں۔

چھ سال قبل انگلینڈ میں ایک ٹیسٹ میچ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کا ارتکاب کرنے پر محمد عامر کو کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم "آئی سی سی" کی طرف سے پانچ سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گزشتہ سال پابندی کے خاتمے کے بعد ہی وہ ٹیم کو دوبارہ حصہ بنائے گئے ہیں اور اب ایک بار پھر ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں کرکٹ سیریز کے لیے برطانیہ جا رہے ہیں۔

ہفتہ کو برطانیہ روانگی سے قبل امریکی خبررساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" سے بات کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔

"ایمانداری سے بات کروں تو میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ واپسی ہوگی اور میں خود کو خوش قسمت محسوس کرتا ہوں کہ ٹیسٹ کرکٹ دوبارہ کھیلوں گا۔"

یہ امر قابل ذکر ہے کہ محمد عامر ٹیسٹ کرکٹ کا دوبارہ آغاز لارڈز کے میدان سے ہی کر رہے ہیں جہاں انھوں نے پابندی کا شکار ہونے سے قبل آخری میچ کھیلا تھا۔

انھوں نے کہا کہ "آپ اسے اتفاق یا کچھ بھی کہہ لیں، لیکن میرے لیے یہ رحمت ہے کہ میں وہیں سے شروع کر رہا ہوں جہاں 2010ء میں یہ (سلسلہ) رکا تھا۔"

ان کے بقول وہ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے منتظر تھے۔

محمد عامر نے پابندی کا شکار ہونے سے قبل اپنے 13 ماہ کے مختصر کریئر میں 14 ٹیسٹ میچوں میں 51 وکٹیں حاصل کی تھیں اور دنیائے کرکٹ کے مبصرین اور سینیئر کھلاڑی انھیں خداداد صلاحیتوں کا مالک ایک بہترین بالر قرار دیتے تھے۔

XS
SM
MD
LG