رسائی کے لنکس

فلسطینی صدر کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات


فلسطین کے صدر محمود عباس اور پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے درمیان منگل کو’ون آن ون‘ ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے، جن میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں خاص طور پر مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں راہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حل میں کردار ادا کرے، کیوں کہ اُن کے بقول اس کے بغیر خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں ہو گا۔

صدر محمود عباس پیر کی شب جب اسلام آباد پہنچے تو صدر ممنون حسین نے اُن کا استقبال کیا۔

منگل کو صدر محمود عباس نے اسلام آباد میں فلسطینی سفارت خانے کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کیا۔

واضح ہے کہ 1990 کی دہائی میں پاکستانی حکومت نے اسلام آباد کے ’ڈپلومیٹک انکلیو‘ میں فلسطینی سفارت خانے کی تعمیر کے لیے زمین کا ٹکڑا تحفے میں دینے کے علاوہ بعد ازاں سفارت خانے کی تعمیر کے لیے بھی معاونت فراہم کی تھی۔


فلسطینی صدر کا پاکستان کا یہ تیسرا دورہ ہے، اس سے قبل وہ 2005 اور 2013 میں پاکستان آ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG