رسائی کے لنکس

فلسطینی صدر جمعے کو پاکستان کا دورہ کررہے ہیں


فلسطینی ریاست کے صدر محمود عباس جمعے کے روز پاکستان کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں جس کے دوران وہ صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور علاقائی و عالمی امور کے علاوہ دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کریں گے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق فلسطین کے وزیرخارجہ اور اقتصادی،سیاسی مشیروں پر مشتمل ایک ٹیم بھی محمود عباس کے ہمراہ اس دورے پر آرہی ہے۔ اس موقع پر جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کے لیے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتا ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔

بیان کے مطابق پاکستان متواتر فلسطین کے مسئلے کو اقوام متحدہ کو متعلقہ قراردادوں کے مطابق جلد ازجلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتا آیا ہے۔

پاکستان کا ماننا ہے کہ فلسطین کے مسئلے کا جامع اور منصفانہ حل تلاش کر کے مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر امن اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہوگا۔

XS
SM
MD
LG