رسائی کے لنکس

وفاق اور پنجاب میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذات جمع


مرکز اور صوبہ پنجاب کی اسمبلیوں کے ان عہدوں کے لیے انتخاب پیر کو ہو گا۔

پاکستان کے وفاق میں نو منتخب ارکان اسمبلی نے ایک روز قبل حلف اٹھایا تھا جس کے بعد اب پیر کو قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔

مرکز میں اکثریتی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن نے ان عہدوں کے لیے بالترتیب سردار ایاز صادق اور مرتضیٰ جاوید عباسی کو نامزد کیا ہے۔

اسپیکر کے منصب کے لیے سابقہ حکمران جماعت پیپلز پارٹی پارلیمنٹیریئنز نے یوسف ٹالپور، پاکستان تحریک انصاف نے شہریار آفریدی اور متحدہ قومی موومنٹ نے اقبال قادری کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

ڈپٹی اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی نے غلام رسول کوریجہ، تحریک انصاف نے منزہ حسن اور متحدہ قومی موومنٹ نے کشور زہرہ کو نامزد کیا ہے۔

ادھر آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں بھی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدوار نامزد کر دیے ہیں۔

یہاں بھی مسلم لیگ ن کو واضح برتری حاصل ہے اور اس کی طرف سے سبکدوش ہونے والے اسپیکر رانا محمد اقبال کو ایک بار اسی عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے شیر محمد گورچانی کے کاغذات جمع کرائے گئے۔

پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے ان عہدوں کے لیے مشترکہ امیدوار سامنے آئے ہیں۔ اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے راجہ راشد حفیظ اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ق لیگ کے سردار وقاص حسن کا نام سامنے آیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں بھی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب پیر کو ہوگا۔
XS
SM
MD
LG