رسائی کے لنکس

پشاور میں فیشن شو کا انعقاد


چیمبرکی صدر شمامہ ارباب نے وائس آف امریکہ کے ساتھ گفتگو میں اس نمائش کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دنیا کو یہ معلوم ہو سکے گا کہ اس صوبے میں رونقیں واپس لوٹ رہی ہیں۔

دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت میں رواں ہفتے فیشن شو منعقدہ کیا جس میں ملک کے معروف خواتین ماڈلز نے شرکت کی۔

خیبر پختونخواہ میں صنعت سے وابستہ خواتین نے پشاور میں دو روزہ صنعتی نمائشں کا اہتمام کیا جو کہ بدھ کی شام اختتام پذیر ہوا۔

اس دوران فیشن شو میں مقامی طور پر تیار کی گئی ملبوسات کی نمائش ملک کے مشہور و معروف خواتین اور مرد ماڈلز کے ذریعے کی گئی۔

ان ماڈلز میں شاہدعلی خان، سیف، نمرا قریشی، بختیارخٹک، لیلا، زین آفریدی نمایاں تھے۔

خیبرپختونخواہ خواتین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے دوروزہ صنعتی نمائش کا اہتمام صوبائی محکمہ ثقافت و سیاحت کے تعاون سے کیا تھا۔

چیمبرکی صدر شمامہ ارباب نے وائس آف امریکہ کے ساتھ گفتگو میں اس نمائش کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دنیا کو یہ معلوم ہو سکے گا کہ اس صوبے میں رونقیں واپس لوٹ رہی ہیں۔

’’زندگی چلتی رہتی ہے، زندگی چلے گی تو فیشن شو بھی ہو گا کیونکہ یہ زندگی کا حصہ ہے۔ اس گھٹن کی وجہ سے ہماری خواتین اور ہمارے محنت کر نے والے جو لوگ ہیں تو وہ پیچھے رہ جاتے ہیں اور اس طرح کی تقریب کا انعقاد کرنے سے لوگوں کی بہت زیادہ حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور وہ اپنی زندگی میں واپس شامل ہو جاتے ہیں۔‘‘

اُن کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کوشش سے خیبر پختونخواہ میں خواتین ڈیزائنر کے کام کو اجاگر کرنا تھا۔

’’یہ ٹریڈ فیئر بنیادی طور پر جو ہماری مقامی ڈیزائنر (خواتین) ہیں ان کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقد کیا گیا تاکہ ان کو میڈیا کے سامنے لایا جائے اور پشاور کے باقی لوگوں کو بھی پتہ چلے کہ اس سطح کے ڈیزائنر ہمارے پاس موجود ہیں۔‘‘

ملک میں گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری دہشت گردی کے لہر سے صوبہ خیبر پختونخواہ شدید متاثر رہا، جس سے دیگر معمولات زندگی کے علاوہ ثفافتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں، تاہم صورت حال میں قدرے بہتری آئی ہے اور جس کا اظہار حالیہ فیشن شو کے انعقاد سے بھی ہوا۔

XS
SM
MD
LG