رسائی کے لنکس

پشاور: صحافی کے گھر پر بم حملہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن گھر کا بیرونی حصہ اور صحافی کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔

پاکستان کے شمال مغربی شہر پشاور میں بدھ کو ایک صحافی کے گھر کو بم سے نشانہ بنایا گیا۔

نجی ٹی وی چینل "ایکسپریس نیوز" کے پشاور میں بیورو چیف جمشید باغوان اپنی اہلیہ کے ساتھ مرید آباد نامی علاقے میں اپنے گھر سے نکل رہے تھے کہ انھوں نے نامعلوم افراد کو اپنے گھر کے ساتھ دیسی ساختہ بم رکھتے ہوئے دیکھا۔

جمشید فوری طور پر اپنی اہلیہ کو لے کر گھر کے اندر چلے گئے اور اسی دوران بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن گھر کا بیرونی حصہ اور صحافی کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔

اسی صحافی کے گھر پر رواں سال کے دوران ہونے والا یہ تیسرا حملہ ہے۔

جمشید نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ گزشتہ حملوں کی نسبت یہ دھماکا زیادہ شدت کا تھا۔ ان کے بقول انھیں نہ کسی قسم کی کوئی دھمکی موصول نہیں ہوئی تھی۔

تاہم پولیس کے مطابق اس کارروائی میں مبینہ طور پر بھتہ خور ملوث ہو سکتے ہیں۔

جمشید باغوان کے گھر پر رواں سال مارچ اور پھر اپریل میں بھی حملہ ہوچکا ہے۔

پاکستان کا شمار صحافیوں کے لیے مشکل ترین ملکوں میں ہوتا ہے جہاں ایک دہائی کے دوران اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے 74 صحافی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

XS
SM
MD
LG