رسائی کے لنکس

پشاور: سینما میں بم دھماکوں سے 11 افراد ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پشاور میں پجگی روڈ پر شمع سینما میں پولیس حکام کے مطابق دھماکوں کے لیے دستی بم استعمال کیے گئے۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں منگل کو ایک سینما میں ہونے والے بم دھماکوں سے کم ازکم 11 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔

پشاور میں پچگی روڈ پر شمع سینما میں دھماکوں کے وقت درجنوں افراد یہاں فلم دیکھ رہے تھے۔

پشاور پولیس کے سربراہ اعجاز خان نے جائے وقوع پر صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یکے بعد دیگرے ہونے والے تین بم دھماکوں کے لیے چینی ساختہ دستی بم استعمال کیے گئے۔

حکام کا کہنا تھا کہ پشاور میں سینما گھروں کے مالکان اور انتظامیہ کو حفاظتی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی جا چکی تھی۔

زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اکثر کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے پشاور ہی میں ایک سینما گھر پر دستی بم حملوں میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ایک ہی روز بعد پشاور کے تاریخی قصہ خوانی بازار اور کوچہ رسالدار میں ہونے والے بم دھماکوں میں بھی متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG