رسائی کے لنکس

تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی پریشان: رپورٹ


تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی پریشان: رپورٹ
تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی پریشان: رپورٹ

پیٹرولیم مصنوعات کی تیل کی قیمتوں میں یکم فروری سے چھ فیصد تک اضافے کے عام آدمی پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں ایک سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اضافے سے 91 فیصد افراد براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔

ایک غیر سرکاری تحقیقاتی ادارے ’’گیلپ پاکستان‘‘ نے یہ سروے کرایا جس میں ملک کے چاروں صوبوں میں دیہی اور شہری آبادی میں سے لگ بھگ 2700 خواتین اور مردوں کی آرا حاصل کی گئی۔

گیلپ پاکستان کے مطابق سروے میں شامل افراد میں سے 63 فیصد کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیے اضافے نے ان کے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے جب کہ 28 فیصد کا کہنا تھا کہ ان پر پڑنے والے اثرات درمیانی نوعیت کے تھے۔

سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں مشیر خزانہ ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ بین الاقوامی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قمیت بھی ہے۔

انھوں نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طالب علموں نے بھی ایک سروے کیا ہے جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے براہ راست عام آدمی متاثر ہوتا ہے۔

’’میری اسٹڈی جو ہم نے اپنے اسٹوڈنٹس کے ذریعے سے کرائی ہے کہ دو ماہ کے اندر تمام ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھ جاتے ہیں اور اس سے چیزیں مہنگی ہو جاتی ہیں چاہے وہ روزمرہ کے استعمال کی اشیاء ہوں، سبزیاں ہوں، پھل ہوں اور باقی چیزوں کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔‘‘

حکومت کا کہنا ہے کہ رواں سال کے مالی بجٹ میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس کی مد میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 120 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا لیکن گزشتہ چھ ماہ میں اس مدد میں صرف 20 ارب روپے ہی اکٹھے کیے جا سکے ہیں اس لیے یہ اضافہ ناگزیر تھا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنے والے ادارے ”اوگرا“ نے یکم فروری کو پیٹرول سمیت تیل کی دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں چھ فیصد تک اضافہ کیا تھا۔ جس پر پارلیمان میں مختلف سیاسی جماعتوں بشمول حکمران اتحاد میں شامل پارٹیوں کے اراکین نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے یہ اضافہ واپس لینے کے حق میں قرارداد بھی منظور کی تھی۔

اس قرارداد پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے حکومت نے ایک پارلیمانی کمیٹی بھی تشکیل دے رکھی ہے جس کا بدھ کو اسلام آباد میں ایک اجلاس بھی ہوا۔ سیکرٹری پیڑولیم نے کمیٹٰی کے ممبران کو بتایا کہ عالمی سطح پر تیل کی قمیتوں میں اضافے کے باعث پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

XS
SM
MD
LG