رسائی کے لنکس

جمہوری نظام ہی مسائل کا حل ہے: وزیراعظم


وزیراعظم راجہ پرویز اشرف (فائل فوٹو)
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف (فائل فوٹو)

وزیراعظم اشرف نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں دیگر مراحل بھی اتفاق رائے سے طے کر لیے جائیں گے۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کے تسلسل اور ملکی ترقی کے لیے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

جمعہ کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات سے جمہوریت، پارلیمنٹ اور تمام قومی ادارے مضبوط ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے سے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کیا اور اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں دیگر مراحل بھی اتفاق رائے سے طے کر لیے جائیں گے۔

’’صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے حکومت تمام تر توانائی صرف کر رہی ہے۔‘‘
اُنھوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے جمہوری نظام ہی واحد راستہ ہے۔

اس سے قبل بھی وزیراعظم حزب اختلاف کی جماعتوں کو عام انتخابات سے قبل نگران حکومت کے قیام کے لیے مشاورت کی دعوت دے چکے ہیں۔

اپوزیشن مسلم لیگ (ن) کے رہنماء چوہدری نثار نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ فی الحال اس معاملے پر حکومت سے کسی سطح پر مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں اور ان کی پارٹی عید الفطر کے بعد حزب اختلاف کی جماعتوں سے نگران حکومت کے قیام پر مشاورت شروع کرے گی۔
XS
SM
MD
LG