رسائی کے لنکس

ترقی کا راستہ روکنے کی اجازت نہیں دیں گے: نواز شریف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمران خان نے مطالبہ کیا کہ حکومت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں ایک کمیشن بنائے اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی کو ملکی ترقی کا راستہ روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی نظر 2018 کے انتخابات پر نہیں بلکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر ہے جس کا فائدہ ملک کے 20 کروڑ عوام کو ہو گا۔

انہوں نے ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ وہ لندن پاناما لیکس سے متعلق معاملات ٹھیک کرنے گئے ہیں۔ بدھ کو لندن پہنچنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ لندن طبی معائنے کے لیے آئے ہیں۔

’’اگر معاملات کو ٹھیک کرنے میں یہاں آیا ہوں، تو مجھے تو پاناما جانا چاہیئے تھا، لندن نہیں آنا چاہیئے تھا۔‘‘

وزیراعظم نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا جب کہ حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا نام لیے بغیر اُنھوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں تعمیری کام کرنے کی بجائے ہمیشہ موقعے کی تلاش میں رہتے ہیں لیکن کسی کو ترقی کا راستہ روکنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

دوسری طرف حزب اختلاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس حکومت کے احتساب کا سنہری موقع ہے اور وہ اسے ہاتھ سے جانے نہیں جانے دیں گے۔

عمران خان نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن قائم کرنے کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے علاوہ کسی اور کمیشن کو تسلیم نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔

’’24 (اپریل) کو میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کروں کا اسلام آباد میں ۔۔۔ اس کے بعد جو ہو گا وہ یہ برداشت نہیں کر سکیں گے۔‘‘

اگرچہ پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے پاناما لیکس کے انکشافات پر حکومت پر تنقید کی ہے مگر ان کی جماعت نے رائے ونڈ میں وزیراعظم کے گھر کے باہر تحریک انصاف کے مجوزہ دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 2014 میں بھی عمران خان کے دھرنے کے دوران حکومت کو گرانے کی کوشش نہیں کی۔

XS
SM
MD
LG