رسائی کے لنکس

وزیرِ اعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کرونا وائرس سے متاثر، قرنطینہ میں چلے گئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ جب کہ وزیرِ اعظم کے معاونین نے ان کے قرنطینہ میں سرکاری امور انجام دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک بیان میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

تحریکِ انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ وزیرِ اعظم میں وبا کی معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو ویکسین لگوانے پر زور دیا ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اب ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ خاتونِ اول بشریٰ بی بی کا بھی کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا ہے کہ احتیاط بہت ضروری ہے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو دو روز قبل ہی کرونا وبا سے محفوظ رکھنے کی ویکسین لگائی گئی تھی۔

پاکستان میں چین کی تیار کردہ ویکسین شہریوں کو لگائی جا رہی ہے جس کے دو ڈوز لگائے جانے ہیں۔ عمران خان کو جمعرات کو اس ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی تھی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان کے کرونا ٹیسٹ کے مثبت آنے کو ویکسی نیشن سے نہ جوڑا جائے۔

شہباز گل نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ کسی کی بھی ویکسی نیشن ہونے کے کچھ ہفتے بعد قوتِ مدافعت پیدا ہوتی ہے۔

انہوں نے شہریوں کو ویکسین لگوانے پر زور دیا ہے۔

عمران خان کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ملکی اور بین الاقوامی رہنماؤں کے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں نریندر مودی نے عمران خان کے کرونا وائرس سے جلد صحت یابی کی بھی امید ظاہر کی۔

پاکستان میں حزبِ اختلاف کی بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے بھی عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

احسن اقبال نے ملک کے رہنماؤں پر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے پر بھی زور دیا۔

حزبِ اختلاف کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیرِ اعظم کی جلد صحت یابی کی امید ظاہر کی۔

پاکستان میں موجود یورپی یونین کی سفیر سمیت کئی ممالک کے سفارت کاروں نے بھی وزیرِ اعظم کے لیے نیک خواہشات ظاہر کیں۔

XS
SM
MD
LG