رسائی کے لنکس

2015ء دہشت گردی کے خلاف ’کامیابی کا سال ثابت ہو گا‘: نواز شریف


وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)
وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ باہمی رواداری، تحمل اور ایثار کے جذبات کو روز مرہ کے معاملات میں ترجیح دے کر بطور قوم بہترین مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے سال نو کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں اس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ شدت پسندی اور دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے جس فیصلہ کن جنگ کا آغاز کیا گیا ’’سال 2015ء اس کی حتمی کامیابی کا سال ہو گا۔‘‘

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ’’دہشت گردی‘‘ کے خلاف اس تاریخ ساز کامیابی کے لیے قوم کا ہر فرد اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار اور مستعد ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ سال 2015ء کا آغاز اس بات کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ گزشتہ سال پر بھی نظر ڈالی جائے اور یہ تجزیہ کیا جائے کہ ’’ماضی میں کون سے کام تھے جو ہونے سے رہ گئے اور کون سے کام ایسے تھے جو مزید بہتر ہو سکتے تھے۔‘‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ باہمی رواداری، تحمل اور ایثار کے جذبات کو روز مرہ کے معاملات میں ترجیح دے کر بطور قوم بہترین مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے باعث مشکل سے مشکل حالات میں بھی ’’آخر کار کامیابی ہمارا مقدر ہو گی۔‘‘

’’ہمارے لیے نیا سال روشن مستقبل کی نوید اور امید بن کر طلوع ہوا ہے ہم اس سال کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ اللہ سے دعا ہے کہ سال 2015ء ہم سب کے لیے مبارک ثابت ہو۔‘‘

XS
SM
MD
LG