رسائی کے لنکس

کراچی میں امن کے لیے کوششیں تیز کی جائیں: وزیر اعظم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے یہ اُمید لگا رکھی ہے کہ وہ شہر کے امن کو بحال کریں گے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے ملک کے اقتصادی مرکز کراچی میں قیام امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ملک بھر بالخصوص کراچی میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کے لیے وزیر اعظم کی زیر صدارت ایک اعلٰی سطحی اجلاس ہفتہ کو لاہور میں ہوا۔

سرکاری بیان کے مطابق اجلاس میں فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اور انٹیلی جنس ادارے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل ظہیر السلام نے بھی شرکت کی۔

نیم فوجی فورس رینجز کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیر اعظم کو کراچی میں قاتلوں، بھتہ خوروں، اغواء کاروں اور دہشت گردی میں ملوث افراد کی گرفتاری سے متعلق اپنی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے یہ اُمید لگا رکھی ہے کہ وہ شہر کے امن کو بحال کریں گے، اس لیے ان اداروں کو اپنی کوششوں میں ہر صورت کامیاب ہونا ہو گا۔

اُنھوں نے غیر اندارج شدہ موبائل فون ’سمز‘ کی بندش کے لیے حکمت عملی کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی۔
XS
SM
MD
LG