رسائی کے لنکس

دہشت گردی نے لوگوں کا طرز زندگی تبدیل کر دیا: وزیراعظم اشرف


وزیراعظم یونیورسٹی میں کورس کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں۔
وزیراعظم یونیورسٹی میں کورس کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی مستقبل کی سول اور فوجی قیادت ملک کو درپیش خطرات سے پوری طرح آگاہ ہے۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے منگل کو اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سکیورٹی اور وار کورس کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے کیوں کہ دہشت گردی نے نا صرف قومی سلامتی بلکہ طرز زندگی کو خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی نے لوگوں کی طرز زندگی کو تبدیل کر دیا ہے، اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں خاص طور پر مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان کی مستقبل کی سول اور فوجی قیادت ملک کو درپیش خطرات سے پوری طرح آگاہ ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر علاقائی صورت حال کے بارے میں حکومت کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مصالحت کے عمل کی حمایت کرتا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ پرامن اور اقتصادی طور پر مستحکم افغانستان پاکستان کے حق میں ہے۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ پاکستان کی موجودہ منتخب حکومت مسائل کے باجود اپنی مدت پوری کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صبر وتحمل ، برداشت اور مفاہمت کی پالیسی پر عمل کیا ہے تاکہ ملک میں پائیدار اور مستحکم سیاسی نظام کی بنیاد رکھی جا سکے۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا کہ حکومت آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہے۔
XS
SM
MD
LG