رسائی کے لنکس

امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات وقت کی ضرورت ہے: شہباز شریف


شہباز شریف
شہباز شریف

امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے منگل کو نواز شریف سے ملاقات کی، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور پنجاب کے سابق وزیراعلٰی شہباز شریف نے کہا کہ ’’ہم امریکہ سے بہت اچھے تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں اور تعاون کا رشتہ بڑھانا چاہتے ہیں۔‘‘

پاکستان کے انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق کامیاب ہونے والی جماعت مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور پنجاب کے سابق وزیراعلٰی شہباز شریف نے کہا کہ ’’ہم امریکہ سے بہت اچھے تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں اور تعاون کا رشتہ بڑھانا چاہتے ہیں۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ بہت دیرینہ تعلقات رہے ہیں لیکن کچھ تلخیاں بھی رہیں۔
’’آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہمارے امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہیئے اور باہمی تعاون کو برابری کے ساتھ آگے بڑھانا چاہیئے… اس میں کوئی دو رائے نہیں ہیں۔‘‘
شہباز شریف


شہباز شریف نے یہ بیان لاہور میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن کی مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے ملاقات کے بعد دیا۔

اُدھر پاکستان کے الیکشن کمیشن نے 11 مئی کے انتخابات کے بیشتر حلقوں کے ابتدائی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

272 عام نشستوں میں سے 269 پر انتخابات ہوئے تھے جب کہ دیگر تین نشستوں میں سے ایک پر سلامتی کے خدشات کے باعث اور دو حلقوں میں اُمیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کر دیئے گئے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے منگل تک قومی اسمبلی کی 254 نشستوں کے ابتدائی نتائج کر اعلان کیا گیا جن میں سے 123 نشستوں پر نواز شریف کی جماعت مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار کامیاب ہوئے۔

اب تک نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 31 نشستوں کے ساتھ دوسرے جب کہ تحریک انصاف 26 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

انتخابات میں لگ بھگ 25 اُمیدوار آزاد حیثیت میں کامیاب ہوئے جن میں سے کئی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مزید آزاد اُمیدواروں کو ساتھ ملانے کے لیے مشاورت جاری ہے۔

’’مسلم لیگ (ن) کی طاقت بڑھ رہی ہے۔ پنجاب اسمبلی ہمیں بہت بڑی کامیابی ملی ہے، بلوچستان میں بھی مسلم لیگ (ن) دوسری بڑی جماعت ہے۔ خیبر پختونخواہ میں مسلم لیگ (ن) تیسری بڑی جماعت ہے۔ سندھ سے بھی ہمیں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں ملی ہیں۔‘‘

الیکشن کمیشن کے مطابق سرکاری نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد آزاد اُمیدوار تین دن میں سکی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہو سکتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) نے دیگر صوبوں میں بھی سیاسی جماعتوں سے رابطے ہیں اور منگل کو بھی اس جماعت کے ایک وفد نے کراچی میں مسلم لیگ (ن) فنکشنل کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔

نواز شریف کی جماعت کے رہنماء رانا مشہود نے اس موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ ’’رابطے کو تمام جماعتوں سے جاری ہیں، ہم تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔‘‘

مسلم لیگ کے رہنماء نواز شریف نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ معیشت کی بحالی اُن کی اولین ترجیح ہو گی۔

اُدھر نواز شریف کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور بھارت کی حکمران جماعت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھ نے منگل کو ٹیلی فون پر مسلم لیگ (ن) کے سربراہ سے رابطہ کر کے اُنھیں مبارکباد دی۔
XS
SM
MD
LG