رسائی کے لنکس

ملتان: کارروائی میں آٹھ 'دہشت گردوں' کو مارنے کا دعویٰ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

طیب کے بارے میں یہ بھی اطلاع سامنے آئی کہ وہ پاکستان میں القاعدہ کے بانیوں میں شامل تھا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پولیس نے آٹھ مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا بتایا ہے کہ جن میں اطلاعات کے مطابق القاعدہ سے منسلک اہم دہشت گرد بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی کی فورس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ملتان کے مضافاتی دیہات نواب پور میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب چھاپا مارا۔

یہاں موجود مشتبہ دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی اور اس دوران جوابی فائرنگ سے آٹھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے جب کہ دو فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ مشتبہ دہشت گرد ملتان میں ایک یونیورسٹی پر حملے کی مبینہ منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس کو دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی ملا۔

ادھر شائع شدہ اطلاعات کے مطابق مارے جانے والوں میں القاعدہ سے منسلک شدت پسند طیب عرف حافظ عبدالمتین بھی شامل ہے جو 2009ء میں راولپنڈی کی پریڈ لائن مسجد پر ہوئے حملے کا مبینہ منصوبہ ساز بھی تصور کیا جاتا تھا۔

طیب کے بارے میں یہ بھی اطلاع سامنے آئی کہ وہ پاکستان میں القاعدہ کے بانیوں میں شامل تھا۔

مارے جانے والے دیگر دہشت گردوں میں حساس ادارے کے ایک افسر کو قتل کرنے والے اشتہاری ملزمان بھی بتائے جاتے ہیں۔

ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور کارروائیاں کرتے آرہے ہیں اور رواں سال مارچ میں لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہوئے مہلک خودکش حملے کے بعد پنجاب میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کر دی تھیں۔

ایک روز قبل بھی گوجرانوالہ میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے ایک کارروائی میں چار مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا بتایا تھا جن میں مبینہ طور پر القاعدہ سے تعلق رکھنے والا عبدالرحمان نامی ایک شدت پسند بھی شامل تھا۔

XS
SM
MD
LG