رسائی کے لنکس

پولیوکے خاتمے کے لیے قومی ٹاسک فورس کی تشکیل


پولیوکے خاتمے کے لیے قومی ٹاسک فورس کی تشکیل
پولیوکے خاتمے کے لیے قومی ٹاسک فورس کی تشکیل

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے رواں سال کے دوران ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزیر اعظم گیلانی اس کمیٹی کے سربراہ جب کہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنر خیبر پختون خواہ اس کے ممبران ہوں گے۔

اسلام آباد میں پولیوکے خاتمے سے متعلق پروگرام کے بارے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ سب کو مل کر نئے جذبے اور عزم کے ساتھ اس بیماری اور معذوری کے خلاف کوششیں کرنا ہوں گی۔

اُنھوں نے کہا کہ ملک کے ایسے علاقے جہاں سلامتی کی صورت اچھی نہیں ہے وہاں ملک کی مسلح افواج کے ساتھ مل کر انسداد پولیو کی مہم چلائی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی قیادت بشمول صدر آصف علی زرداری ملک سے پولیو کے خاتمے کی مہم میں خود دلچسپی لے رہے ہیں۔

تقریب میں بتایا گیا کہ حالیہ سالوں کے دوران 2010 ء میں پاکستان میں پولیو کے زیادہ کیس سامنے آئے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس کی بنیادی وجوہات میں جولائی 2010ء میں تباہ کن سیلاب کے علاوہ قبائلی علاقوں سمیت بعض دیگر اضلاع میں سلامتی کی خراب صورت حال کے باعث پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے والی ٹیموں کو بچوں تک رسائی میں دشواریاں تھیں۔

وزارت صحت کے مطابق 2010ء میں پولیو نے ملک بھر میں تقریباً 134بچوں کو متاثر کیا جن میں سے66 کا تعلق تشدد اور عسکریت پسندی سے متاثرہ قبائلی علاقوں سے ہے۔

وزیراعظم گیلانی نے بتایا کہ پاکستان میں 1994 ء میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیوکے قطرے پلانے کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ جب اس مہم کا آغاز کیا گیا تو اُس وقت ملک میں سالانہ30 ہزار بچے پولیو سے مفلوج ہو رہے تھے ۔

XS
SM
MD
LG