رسائی کے لنکس

سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈی نینس کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری، اندورن سندھ ہڑتال


آرڈی نینس میں صوبے میں پانچ ڈویژنز کراچی ، حیدرآباد، میر پور خاص، سکھر اور لاڑکانہ کو میٹروپولیٹن کا درجہ جبکہ دیگر تمام اضلاع کو ڈسٹرکٹ کونسل کا درجہ دیا گیا ہے

سندھ پیپلزلوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2012 کا گزٹ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جِس کے بعد فوری طور پر صوبے بھر میں بلدیاتی اداروں میں از سرنو تعیناتیاں شروع ہو گئی ہیں ۔ادھر آرڈینس کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں جمعرات کو ہڑتال کی گئی ۔

سات ستمبر کو گورنر سندھ نے بلدیاتی آرڈی نینس پر دستخط کئے تھے۔ جمعرات کو اس آرڈیننس کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے بعد فوری طور پر صوبے بھر میں بلدیاتی اداروں کی تنظیم نو کی جائے گی۔

آرڈی نینس میں صوبے میں پانچ ڈویژنز کراچی ، حیدرآباد،میر پور خاص، سکھر اور لاڑکانہ کو میٹروپولیٹن کا درجہ جبکہ دیگر تمام اضلاع کو ڈسٹرکٹ کونسل کا درجہ دیا گیا ہے ۔ان تمام اضلاع میں افسران کی تعیناتی جلد کردی جائے گی۔

میٹروپولیٹن میں میونسپل کارپوریشن قائم ہوں گی جن کا سربراہ میئر کہلائے گا ۔ آرڈی نینس تین ماہ کیلئے جاری کیا گیا ہے جبکہ اس دوران سندھ اسمبلی سے اس کی باقاعددہ منظوری لینا ہوگی۔

دوسری جانب سندھ میں بلدیاتی آر ڈی نینس کے خلاف جمعرات کو قوم پرستوں کی ہڑتال کی کال پر کئی شہروں میں صبح سے ہی ٹریفک معمول سے کم رہا۔ حیدر آباد میں قاسم آباد بائی پاس پردھرنادیاگیا جبکہ سانگھڑ، ٹنڈو آدم، شہداد پور، کھپرو، سنجھورو، جام نوازعلی اور ملحقہ شہروں میں کاروبار بند رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹنڈو محمدخان روڈ پر مشتعل افراد نے پتھر اور ڈنڈوں سے ایمبولینس پر حملہ کرکے شیشے توڑ دئیے۔ ایدھی ترجمان کے مطابق ادارے کے ایک ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بھی بنایاگیا۔ ادھر سانگھڑ میں دکانیں بند کرانے پر مسلح تصادم میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ نوابشاہ میں قوم پرستوں نے مظاہرہ کیا اور قومی شاہراہ بلاک کردی۔

ادھر ٹھٹھہ میں پولیس نے قوم پرست جماعتوں کے چھ کارکنان کو گرفتار کر لیا ۔ مٹھی میں عوامی تحریک، سندھ ترقی پسند پارٹی، ہم خیال اور فنکشنل لیگ کے کارکنوں نے شہرمیں ریلیاں نکالیں۔بالائی سندھ کے شہروں خیر پور ، کندھ کوٹ، تنگوانی ،غوث پور ، گھوٹکی اور کشمور میں دکانیں نہیں کھلیں۔ شکارپور میں قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں نے شہر میں گشت کیا اور ریلیاں نکالیں۔

جامشورو، بدین، ماتلی ، گولارچی،ٹنڈو باگو، تلہار، ٹنڈو غلام علی میں نامعلوم افراد نے سڑکوں پرٹائر جلائے اور شدید احتجاج کیا ۔ دادو، میہڑ، تھرپارکر میں بھی کاروباری مراکز بند رہے اور انڈس ہائی وے پر دھرنا دیاگیا۔

یاد رہے کہ قوم اے این پی ، مسلم لیگ ن ، تحریک انصاف ،جماعت اسلامی، مسلم لیگ ہم خیال بھی اس ہڑتال کی حمایت کر رہے تھے تاہم سانحہ کراچی کے بعد ان جماعتوں نے اپنے کارکنان کو ہڑتال کو یوم سوگ میں تبدیل کرنے کی ہدایت کر دی تھی ۔
XS
SM
MD
LG