رسائی کے لنکس

صدر کا وزیراعظم گیلانی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار


صدر کا وزیراعظم گیلانی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار
صدر کا وزیراعظم گیلانی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار

صدر آصف علی زرداری نے یوسف رضا گیلانی کی حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مخلوط حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کامیا ب نہیں ہونے دی جائیں گی۔

صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے پیر کوذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے اس یقین کا اظہار بھی کیا ہے کہ وزیراعظم گیلانی اپنی مدت پوری کرسکیں گے۔”انھیں (صدر زرداری کو) یقین ہے کہ اتحادی حکومت پر آنے والی یہ مشکلات بہت جلد دور ہوجائیں گی۔“

صدر اور وزیراعظم (فائل فوٹو)
صدر اور وزیراعظم (فائل فوٹو)

ترجمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ جب بھی حکومت میں رہی ہے اُس پر اسی طرح سے سیاسی حملے ہوتے رہے ہیں ۔” اب بھی اگر کوئی ایسی سیاسی مشکلات ہیں تو پی پی پی اس کا مقابلہ کرے گی اور یقینا سرخرو اور کامیاب ہوگی۔“ انھوں نے کہا کہ صدر نے وزیراعظم کو ٹیلی فون کرکے انھیں پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

ایک روز قبل ایم کیو ایم کی طرف سے حزب اختلاف میں شمولیت کے اعلان کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت ختم ہو جائے گی لیکن پیر کو اپوزیشن کی طرف سے وزیر اعظم گیلانی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کے بارے میں مبہم بیانات اور صدر زرداری کے وزیر اعظم پر اعتماد کے اظہار نے ان خدشات کو خاصی حد تک کم کر دیا ہے۔

دریں اثناء وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگومیں آئینی صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف صدر ہی وزیراعظم کو پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کرسکتے ہیں اور اس لیے موجودہ حالات میں پیپلز پارٹی اور پاکستان کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG