رسائی کے لنکس

سینیٹ : رحمٰن ملک کے کاغذات نامزدگی جمع


رحمن ملک (فائل فوٹو)
رحمن ملک (فائل فوٹو)

رحمٰن ملک نے اس موقع پر ایک بار پھر کہا کہ وہ اپنی برطانوی شہریت سے دستبراد ہو چکے ہیں اور وہ اب صرف پاکستانی شہری ہیں۔

وزیراعظم کے سینیئر مشیر برائے داخلہ اُمور رحمن ملک نے سینیٹ کی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔ یہ نشست دس جولائی کو ان ہی کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

جمعہ کو کراچی میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ انھوں نے حزب مخالف کے بعض بیانات کے بعد استعفیٰ دیا۔

’’میرے استعفے کی وجہ نواز شریف صاحب کا وہ بیان تھا کہ رحمٰن ملک کی وجہ سے دہری شہریت کا بل لایا گیا ہے۔۔۔۔ تو میں ایک سائیڈ پر ہوگیا۔‘‘

رحمٰن ملک نے اس موقع پر ایک بار پھر کہا کہ وہ اپنی برطانوی شہریت سے دستبراد ہو چکے ہیں اور وہ اب صرف پاکستانی شہری ہیں۔

عدالت عظمیٰ نے دہری شہریت رکھنے کے باعث گزشتہ ماہ رحمٰن ملک کی سینیٹ کی رکنیت معطل کی تھی۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ رحمٰن ملک برطانوی شہریت چھوڑنے سے متعلق مستند دستاویزات پیش نہیں کرسکے جس کی وجہ سے ان کی سینیٹ کی رکنیت عارضی طور پر معطل کی جا رہی ہے۔

پاکستان کی عدالت عظمیٰ رحمٰن ملک کے علاوہ دہری شہریت رکھنے والے متعدد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کرچکی ہے۔

بعد ازاں رواں ماہ کے اوائل میں وفاقی کابینہ نے دہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے سے متعلق مسودہ قانون کی منظوری دی اور اب اس پر پارلیمان میں بحث اور منظوری کا عمل باقی ہے۔
XS
SM
MD
LG