رسائی کے لنکس

اسرائیلی حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری


غزہ امدای سامان لے جانے والے فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے میں ہونے والی ہلاکتوں اور بیڑے پر سوار امدادی کارکنان کو گرفتار کرنے کے خلاف دنیا کے مختلف ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ منگل کے روز بھی جاری رہا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے مظاہرے کیے گئے جس میں شرکاء نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور اس اقدام کی شدید مذمت کی۔ان مظاہروں میں خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں خواتین اور دیگر شرکا کی پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی کے بعد مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس پھینکی اور لاٹھی چارج بھی کیا جب کہ متعدد لوگوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔

فریڈم فلوٹیلا پر صحافی طلعت حسین سمیت تین پاکستانی بھی سوار تھے جن کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ بھی اسرائیل کی حراست میں ہیں۔

پاکستان نے ریاستی سطح پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرنے کے علاوہ اپنے شہریوں کی رہائی کے لیے تمام ممکن اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح کیے جانے والے حملے کے بعد سے سینئر صحافی طلعت حسین سمیت تینوں پاکستانیوں کا تاحال اپنے اہل خانہ سے رابطہ منقطع ہے۔

XS
SM
MD
LG