رسائی کے لنکس

عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ہائی کورٹ میں چیلنج


درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دیا جائے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کی طرف سے توہینِ عدالت کیس میں جاری کیے گئے اپنے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چینلج کر دیا ہے۔

تحریکِ انصاف نے اپنے وکیل بابر اعوان کے ذریعے عدالت عالیہ میں بدھ کو درخواست دائر کی۔

بابر اعوان کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو اُن کے موکل کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار نہیں اور اس بارے میں کمیشن کا اقدام غیر آئینی ہے۔

درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن نے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس سے کہا تھا کہ عمران خان کو 26 اکتوبر کو کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے۔

تحریکِ انصاف کے چیئرمین کے خلاف الیکشن کمیشن میں اس وقت توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کی گئی تھی جب اُنھوں نے اپنی جماعت کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کی رپورٹ پر تنقید کرتے ہوئے کمیشن کو متعصب قرار دیا تھا۔

الیکشن کمیشن اس معاملے میں عمران خان کو متعدد بار طلب کرچکا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

اس سے قبل جب الیکشن کمیشن نے عمران خان کے قابلِِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے تو تحریک انصاف کے چیئرمین نے اس فیصلے کو بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا جس کے بعد عدالت نے کمیشن کا فیصلہ معطل کر دیا تھا۔

تحریک انصاف کا موقف رہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو توہینِ عدالت کی کارروائی کا اختیار نہیں ہے۔

تاہم کمیشن کا موقف ہے کہ اسے توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار حاصل ہے اور اس کا اقدام قانون کے مطابق ہے۔

XS
SM
MD
LG