رسائی کے لنکس

مظفرگڑھ: پولیس مقابلے میں چار مبینہ شدت پسند ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد امام حسین کے چہلم کے جلوس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع مظفر گڑھ میں پولیس نے مبینہ طور پر چار دہشت گردوں کو ایک مسلح تصادم میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

مظفر گڑھ پولیس کے سربراہ رائے ضمیر الحق نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پولیس نے جب محمود کوٹ روڈ پر معمول کی سکیورٹی جانچ کے لیے ایک گاڑی کو روکا تو اس میں سوار مبینہ دہشت گردوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے چار مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

رائے ضمیر نے کہا کہ ہلاک ہونے مشتبہ دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم عسکریت پسند تنظیم 'پنجابی طالبان' سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرنے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہتھیار ، چار خودکش جیکٹس اور گولہ و بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد امام حسین کے چہلم کے جلوس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

ہفتہ کے روز ملک بھر میں پیغمبر اسلام کے نواسے امام حسین کے چہلم کے موقع پر مذہبی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے سخت حفاطتی انتطامات کیے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG