رسائی کے لنکس

پاکستان زمبابوے کو ہرا کر کوارٹر فائنلز میں پہنچ گیا


پاکستان زمبابوے کو ہرا کر کوارٹر فائنلز میں پہنچ گیا
پاکستان زمبابوے کو ہرا کر کوارٹر فائنلز میں پہنچ گیا

پاکستان نے عالمی کرکٹ کپ کے گروپ "اے" کے میچ میں زمبابوے کو سات وکٹوں سے شکست دے کر کوارٹر فائنلز کیلیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے39.4 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ بعد ازاں بارش کی وجہ سے پاکستان کو "ڈک ورتھ لوئس" قانون کے تحت 38 اوورز میں 162 رنز کا ہدف ملا جسے پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پیر کو ہونے والے میچ میں زمبابوین کپتان ایلٹن چگم بورا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بالرز کے ہاتھوں زمبابوین بیٹنگ لائن کو ابتداء ہی سے خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 24 اوورز میں 84 کے مجموعی اسکور پر زمبابوے کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

زمبابوین ٹیم کو پہلے ہی اوور میں اپنے اوپنر رینڈن ٹیلر (4) جبکہ دوسرے اوور میں ریجس چکبوا (0) کی اہم وکٹ سے محروم ہونا پڑا۔ زمبابوے کی تیسری وکٹ چھٹے اوور میں سیباندا کی گری جو صرف 5 رنز بنا سکے۔ 13 ویں اوور میں ٹاٹینڈا ٹائیبو19 رنز جبکہ 24 ویں اوور میں گریگوری لیمب 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

28 ویں اوور میں جب زمبابوے کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز تھا، بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ بعد ازاں بارش کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تو اسے 50 اوورز سے کم کرکے 43 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

میچ کے دوبارہ آغاز پر کریگ ارون اور کپتان چگم بورا نے بالترتیب 48 اور 3 رنز کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم ارون صرف 4 مزید رنز بنا کر 30 ویں اوور میں محمد حفیظ کا نشانہ بن گئے۔

اس موقع پر کپتان چگم بورا اور پراسپر اٹسیا نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 48 کی پارٹنر شپ قائم کی اور 4ء39 اوورز میں زمبابوے کا اسکور151 رنز تک پہنچایا۔

تاہم اس موقع پر میچ ایک بار پھر بارش کے باعث روک دیا گیا اور بعد ازاں زمبابوے کی اننگز کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے "ڈک ورتھ لوئس" کے قانون کے تحت پاکستان کو 38 اوورز میں 162 رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

جواباً پاکستان نے اپنی اننگز کی آغاز کیا تو اسے چوتھے ہی اوور میں اس وقت اپنی پہلی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جب احمد شہزاد صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تاہم محمد حفیظ اور اسد شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں پاکستان کے اسکور میں 82 رنز کا اضافہ کیا۔ محمد حفیظ 23 ویں اوور میں 49 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

پاکستان کی تیسری گرنے والی وکٹ کپتان شاہد آفریدی کی تھی جن کی بلے بازی کا جادو آج بھی نہ چل سکا۔وہ صرف 3 رنز بنا کر ریمنڈ پرائس کا نشانہ بنے۔ اس وقت پاکستان کا اسکور 110 رنز تھا۔

تاہم چوتھی وکٹ کی شراکت میں اسد شفیق اور یونس خان نے پاکستان کے اسکور میں 54 رنز کا اضافہ کرکے 1ء34 اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔ اسد شفیق 78 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ یونس خان نے 13 رنز بنائے۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد پاکستان گروپ "اے" میں پانچ میچ کھیل کر 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگیا ہے اور اس کی کوارٹر فائنلز میں شرکت یقینی ہوگئی ہے۔ جبکہ زمبابوے 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 19 مارچ کو دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔

XS
SM
MD
LG