رسائی کے لنکس

ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرما کی پہلی بارش


ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرما کی پہلی بارش
ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرما کی پہلی بارش

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل قمرالزمان چوہدری نے وائس آف امریکہ کوبتایا کہ گذشتہ رات سے اب تک اسلام آبادمیں17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جب کہ ملک کے بارانی علاقوں میں بھی 6 سے 7 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اُنھوں نے بتایا کہ حالیہ سلسلے کے دوران بلوچستان کے بھی اکثرعلاقوں میں بارش ہوئی۔ قمرالزمان کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں اب بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور دیر میں 78 ملی میٹر بارش ہوئی جب کہ کالام میں 28 انچ جب کہ مری میں چھ انچ برفباری ہوئی۔

قمرالزمان کے مطابق کشمیر اور شمالی علاقوں میں بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جاری رہے گا تاہم پنجاب اور ملک کے میدانی علاقوں میں آج شام تک بارشیں ختم ہو جائیں گی۔

ملک میں پچھلے تین سے چار ماہ کے دوران ہونے والی یہ پہلی قابل ذکر بارش ہے اور محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ فوری طور پر ان بارشوں کا ملک میں پانی کے ذخیروں پر اگرچہ فرق نہیں پڑے گا تاہم پہاڑی علاقوں میں ہونے والی برفباری سے موسم گرما میں پانی حاصل ہوگا۔

خیال رہے کہ گذشتہ چند مہینوں کے دوران ملک میں بارشوں کے نہ ہونے سے ڈیموں میں پانی کی سطح خاصی کم ہونے سے نہ صرف بجلی کی پیداوار میں خاطر خواہ کمی آئی ہے بلکہ اس کے زراعت پر منفی اثرات پڑے ہیں۔

XS
SM
MD
LG