رسائی کے لنکس

بارشوں کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری


بارشوں کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری
بارشوں کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری

حالیہ موسم سرما کے دوران ہونے والی یہ سب سے زیادہ بارشیں ہیں

محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں گذشتہ چار روز سے جاری بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک مدھم ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے ایک اعلیٰ عہدیدار عارف محمود نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ بارشوں کے حالیہ سلسلے میں اسلام آباد میں پیر کی دوپہر تک 36 ملی میڑ بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے جب کہ سب سے زیادہ بارشیں پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقوں میں ہوئیں۔

اُنھوں نے بتایا کہ کالام میں 35 انچ جب کہ گلگت بلتستان کے علاقوں سکردو اوراستور میں سات سات انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ عارف محمود کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے ملک کے بارانی علاقوں میں کاشت کی جانے والی گندم کی فصل پر مفید اثرات مرتب ہوں گے۔

خیال رہے کہ ملک میں حالیہ موسم سرما کے دوران ہونے والی یہ سب سے زیادہ بارشیں ہیں اس سے قبل تقریباً تین ماہ سے زائد عرصے کی خشک سالی کے بعد جنوری کے آخری ہفتے میں اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں سردیوں کے موسم کی پہلی بارش ہوئی تھی۔

گذشتہ چند مہینوں کے دوران ملک میں بارشوں کے نہ ہونے سے ڈیموں میں پانی کی سطح خاصی کم ہونے سے نہ صرف بجلی کی پیداوار میں خاطر خواہ کمی آئی ہے بلکہ اس کے زراعت پر منفی اثرات پڑے تھے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے نہ صرف فوری طور پر آبی ذخائر میں اضافہ ہو گا بلکہ پہاڑی علاقوں میں ہونے والی برفباری سے موسم گرما میں بھی دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا۔

XS
SM
MD
LG