رسائی کے لنکس

آنکھیں کچھ نہیں چھپاتیں، فلمسٹار رانی کی برسی پر تصویری نمائش


فلمسٹار رانی کی بیٹی رابعہ انور نمائش کے دوران
فلمسٹار رانی کی بیٹی رابعہ انور نمائش کے دوران

نمائش میں اکیس فنکاروں نے ماضی کی فلم سپر سٹار رانی کو اپنے فن پاروں میں خراج ِ عقیدت پیش کیا ہے ۔ اِن میں معروف پینٹر سعید اختر بھی شامل ہیں۔ سعید اختر نے بتایا کہ اُنہوں نے اپنے فن پارے میں رانی کی آنکھوں کو پیش کیا ہے کیونکہ اُن کے بقول نہ صرف اس فلم ایکٹرس کی آنکھوں کی خوبصورتی بے مثال ہے بلکہ اِن کی آنکھوں میں اِن کی زندگی بھی جھلکتی ہے۔

تہذیب ، امراؤ جان ادا اور اِک گناہ اور سہی جیسی درجنوں کامیاب فلموں کی ہیروئن رانی کو ایسی فلمی فنکارہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جس نے پاکستانی فلمی صنعت کا سر فخر سے بلند رکھا اور خود بھی پاکستانی فلمی دُنیا کی سُپر سٹار کہلائیں۔ آج فلمی صنعت کی حالت نا گفتہ بہ ہوچکی ہے مگر رانی پر فلمائے معروف نغمے لوگوں کو آج بھی یاد ہیں۔ الحمراء آرٹ سنٹر میں رانی کی یاد میں پینٹنگز کی نمائش کے موقع پر ٹی وی سکرین کے ذریعے جب " کاٹے نہ کٹے رے رتیاں" اور "اظہار بھی مشکل ہے" جیسے معروف نغمے پیش کیے گئے تو وہاں کثیر تعداد میں موجود مہمان بے حد محظوظ ہوئے۔

27مئی1993 کو کینسر کے موذی مرض سے 46 سال کی عمر میں فلمسٹار رانی کا انتقال ہوا تھا۔ اس فنکارہ کی اٹھارویں برسی کے موقع پر آرٹ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اکیس فنکاروں نے الحمراء آرٹ سنٹر میں رانی کو خراج ِ عقیدت کے طور پر منعقد ہونے والی نمائش میں اپنے فن پارے شامل کیے۔ اِ ن فنکاروں میں رانی کی بیٹی رابعہ انور بھی شامل ہیں جو کہ خود نیشنل کالج آف آرٹس کی ایک گریجویٹ ہیں۔

رانی کے ساتھ کئی فلموں میں ہیرو کا کردار ادا کرنے والے فلمسٹار شاہد اس تقریب میں مہمان ِ خصوصی تھے جبکہ فلمسٹار شان بھی تقریب میں آئے اور لوگوں کی توجہ کا مرکز رہے۔ اس نمائش کا اہتمام رُہتاس آرٹ گیلری نے لاہور آرٹس کونسل کے اشتراک سے کیا تھا۔ رہتاس گیلری کی ڈائریکٹر سلیمہ ہاشمی کا کہنا تھا کہ کچھ فنکار ایسے ہیں جو ماضی میں گُم ہونے سے انکار کردیتے ہیں اور رانی کا شمار ایسے ہی فنکاروں میں ہوتا ہے۔

مصوّرعاصم اختر نے وائس آف امریکہ کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ اُن کی رائے میں فلمسٹار رانی کی ذاتی زندگی میں بہت سے دُ کھ بھی تھے۔’’ فلمی صنعت میں جب وہ آئیں تو شروع میں اُن کی فلمیں ناکام ہوئیں جن کے سبب اُنہیں منحوس بھی کہا گیا لیکن پھر اُن کے شوہر فلمی ہدایتکار حسن طارق کی فلموں میں اُن کو کامیابیاں ملیں اور بے مثال کامیابیاں ملیں۔ ‘‘

آنکھیں کچھ نہیں چھپاتیں، فلمسٹار رانی کی برسی پر تصویری نمائش
آنکھیں کچھ نہیں چھپاتیں، فلمسٹار رانی کی برسی پر تصویری نمائش

معروف پینٹر سعید اختر نے وائس آف امریکہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلمسٹار رانی کی آنکھیں بے مثال ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ اگر چہ وہ کبھی رانی سے نہیں ملے مگر ایک مصوّر کے طور پر اس فلمسٹار کی آنکھوں کا اُنہوں نے بہت گہرا مطالعہ کیا ہے اور اپنے فن پارے میں اُن کی آنکھوں ہی کو پیش کیا ہے۔ سعید اختر کا کہنا تھا کہ مصوّری کی دُنیا میں برسوں گزارنے کے بعد اب یہ اُن کا ایمان بن چکا ہے کہ آنکھیں سب کچھ کہہ دیتی ہیں اور کچھ نہیں چھپاتیں ۔

رانی کی بیٹی رابعہ انور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے نزدیک اس نمائش کا ایک مقصدیہ بھی ہے کہ مصوّری کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فنکار اپنے اپنے انداز میں فلمسٹار رانی کو خراج ِ عقیدت پیش کریں اور جس طرح کا تنوّع فلسمٹار رانی کے فن میں تھا ویسا ہی تنوّع اُن کو پیش کیے جانے والے ان فن پاروں میں سامنے آئے۔ رابعہ انور نے کہا کہ اُن کی ماں فلمی کیرئیر کی وجہ سے روایتی ماں کا کردار تو ادا نہ کرسکیں مگر وہ اپنی والدہ کو ایک انتہائی مضبوط شخصیت کی مالک باور کرتی ہیں۔

نمائش دیکھنے آئے مہمانوں نے رانی سے متعلق فن پاروں میں بہت دلچسپی لی تاہم زیادہ تر توجہ کا مرکز معروف مصوّر سعید اختر کا وہ فن پارہ تھا جس میں رانی کی آنکھیں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سب کو دیکھ رہی ہیں اور اس مصوّر کے بقول وہ اپنی داستان بھی سب کو سُنا رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG