رسائی کے لنکس

پاکستان کی آئی سی سی رینکنگ میں دوسری پوزیشن، بھارت کی تنزلی


Pak vs Ind
Pak vs Ind

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کی ایک درجہ ترقی جب کہ بھارت کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے۔جس کے بعد پاکستان نےدوسری اور بھارت نے تیسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے عالمی ون ڈے رینکنگ میں سالانہ اپ ڈیٹس کے بعد ٹیموں کی رینکنگ میں رد و بدل ہوا ہے۔آسٹریلیا، پاکستان اور بھارت کے پوائنٹس میں اضافہ ہوا ہے۔پوائنٹس میں اضافے سے آسٹریلیا کی درجہ بندی میں اس لیے فرق نہیں پڑا کیوں وہ پہلے ہی نمبر ون پوزیشن پر ہے البتہ اس کا سب سے زیادہ اثر بھارت اور پاکستان کی ٹیموں پر پڑا ہے۔

آئی سی سی کی سالانہ ون ڈے رینکنگ میں اپ ڈیٹس کے بعد آسٹریلیا کے پوائنٹس کی تعداد 113 سے 118 ہو گئی جس کے بعد اس کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

پاکستان کے پوائنٹس 112 سے بڑھ کر 116 ہو گئے جس کے بعد پاکستان نے رینکنگ میں تیسری سے دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔

اسی طرح بھارت کے پوائنٹس بھی 113 سے بڑھ کر 115 ہو گئے لیکن بھارتی ٹیم رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسری سے تیسری پوزیشن پر آگئی ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو پانچ ایک روزہ ون ڈے میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں شکست دے کر عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ تاہم پانچویں میچ میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم پہلی پوزیشن سے محروم ہو کر تیسرے نمبر پر چلی گئی تھی۔

عالمی رینکنگ میں نیوزی لینڈ 104 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور انگلینڈ 101 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم 101 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، بنگلہ دیش 97 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، افغانستان 88 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، سری لنکا 80 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم 72 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG