رسائی کے لنکس

پاکستان میں قید مزید 146 بھارتی ماہی گیر رہا


حالیہ ہفتوں میں پاکستان سے رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیروں کا یہ دوسرا بڑا گروپ ہے۔

پاکستان نے اپنے ہاں قید 146 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا ہے جنہیں اب لاہور کے قریب واہگہ بارڈ کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

یہ بھارتی ماہی گیر کراچی کی جیل میں بند تھے جنہیں اتوار کو رہا کرنے کے بعد لاہور روانہ کر دیا گیا۔

حالیہ ہفتوں میں پاکستان سے رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیروں کا یہ دوسرا بڑا گروپ ہے۔

پاکستان نے دسمبر 2017 میں اپنے ہاں قید 291 بھارتی ماہی گیروں کو دو مراحل میں رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں 28 دسمبر 2017 کو 145 بھارتی ماہی گیر رہا کیے گئے تھے جب کہ بقیہ 146 بھارتی ماہی گیروں 8کو جنوری کو رہا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

دوطرفہ معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت نے یکم جنوری کو اپنے اپنے ہاں قید ایک دوسرے کے شہریوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا تھا۔

دونوں ملک 21 مئی 2008ء کو ہونے والے ایک معاہدے کے تحت ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔

یکم جنوری 2018ء کو پاکستان کی وزارتِ خارجہ سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 457 بھارتی شہری قید ہیں، جن میں سے 58 عام شہری اور 399 ماہی گیر شامل ہیں۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان مطابق بھارت کی جیلوں میں اس وقت تقریباً 555 پاکستانی قیدی ہیں جنہیں مختلف الزامات میں بند کیا گیا ہے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی ماہی گیروں کی رہائی کا فیصلہ خیر سگالی کے طور پر کیا گیا ہے۔

دونوں ممالک کے ایک دوسرے کے ہاں قید شہریوں کی اکثریت ماہی گیروں کی ہے۔ عموماً ماہی گیروں کی کشتیوں میں سمت اور حدود بتانے والے جدید آلات نہیں ہوتے اور وہ نادانستہ طور پر مخالف ملک کی آبی حدود میں پہنچ جاتے ہیں، جس پر اُنھیں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG