رسائی کے لنکس

رائیٹرز کی اسلام آباد میں ’بیورو چیف‘ کا انتقال


رائیٹرز نے ایک بیان میں بتایا کہ 34 سالہ ماریہ اسلام آباد میں اپنے دفتر میں بے ہوش ہو کر گر گئیں۔ بیان کے مطابق ایک ایمبولینس میں تیزی سے اُنھیں نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا لیکن طبی ٹیم اُن کی جان نا بچا سکی۔

خبر رساں ادارے رائیٹرز کی خاتون صحافی ماریا گلووننیا پیر کو اسلام آباد میں انتقال کر گئیں۔

وہ پاکستان اور افغانستان کے لیے رائیٹرز کی بیورو چیف تھیں۔ رائیٹرز نے ایک بیان میں بتایا کہ 34 سالہ ماریہ اسلام آباد میں اپنے دفتر میں بے ہوش ہو کر گر گئیں۔

بیان کے مطابق ایک ایمبولینس میں تیزی سے اُنھیں نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا لیکن طبی ٹیم اُن کی جان نا بچا سکی۔

رائیٹرز کے بیان میں کہا گیا کہ وہ ایک ’زبردست‘ صحافی تھیں اور اُنھوں نے 2001ء میں جاپان میں خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ میں شمولیت اختیار کی۔

بیان میں کہا گیا کہ وہ جاپانی اور روسی زبان روانی سے بول سکتی تھیں۔

اُنھوں نے رائیٹرز میں ملازمت کے دوران کئی ممالک بشمول لندن میں بھی خبررساں ادارے کے دفتر میں کام کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وہ 2013ء میں پاکستان اور افغانستان کے لیے بیورو چیف بنیں اور کئی اہم خبروں میں اپنی ٹیم کی قیادت کی۔

اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پاکستان انسٹیٹویٹ آف میڈیکل سائنسز یعنی ’پمز‘ کے سربراہ ڈٓاکٹر جاوید اکرم نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ماریہ کو پہلے ایک نجی اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نا ہو سکیں، جس کے بعد اُنھیں پمز منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹر جاوید اکرم کے بقول اب اُن کا پمز اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے جس کے بعد ہی اُن کی موت کی حقیقی وجہ کے بارے میں کچھ بتایا جا سکے گا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق بظاہر غیر ملکی خاتون صحافی کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG