رسائی کے لنکس

نواز شریف سعودی عرب میں سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے


پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف رواں ماہ کے اواخر میں سعودی عرب میں ’امریکہ، عرب اور اسلامک‘ سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ سربراہ اجلاس مئی کے اواخر میں سعودی دارالحکومت ریاض میں ہو گا، جس میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شرکت کریں گے۔

سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان کے نمائندہ خصوصی اور سعودی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت ڈاکٹر عواد بن صالح نے منگل کو وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور اُنھیں سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے سعودی عرب کا انتخاب کیا ہے، اپنے اس دورے کے دوران وہ اسرائیل اور روم بھی جائیں گے۔

گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اُنھوں نے سعودی عرب کا انتخاب اس لیے کیا کیوں کہ یہاں مسلمانوں کے دو مقدس مقامات واقع ہیں اور وہ وہاں سے انتہا پسندی، دہشت گردی اور تشدد سے نمٹنے کے لیے مسلمان اتحادی ممالک سے تعاون اور مدد کی نئی بنیاد رکھیں گے۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب سے دہشت گردی کے خلاف امریکہ اور مسلمان ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

XS
SM
MD
LG